’کاروانوں کا محافظ‘: شہزادہ ناصر بن سعود کا محل جہاں تاریخ بولتی ہے
شہزادہ ناصر بن سعود کو ان کے حوصلے، دلیری اور شاندار گھڑ سواری کی وجہ سے یاد کیا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
شہزادہ ناصر بن سعود بن عبدالعزیز بن محمد بن سعود کے محل کی راہداریوں کے اندر، تاریخ کی بازگشت اور ماضی کی گونج، زمانۂ حال کے ترنم کے ساتھ ہم آہنگ ہوگئی ہے۔
ماضی اور حال کے اس ’خوش لحن‘ ملاپ نے سکیورٹی اور تحفظ کی ان کہانیوں کو پھر سے زندہ کر دیا ہے جن کے کردار پہلی سعودی ریاست کے وہ افراد ہیں جن کا، کاروانوں کے راستوں کا تحفظ کرنا ان کی شجاعت کا بیّن ثبوت ہے۔
ان شجاع افراد میں ایک خاص نام شہزادہ ناصر بن سعود کا ہے جو اٹھارویں صدی کے آخر میں پیدا ہوئے اور جنھیں ان کے حوصلے، دلیری اور شاندار گھڑ سواری کی وجہ سے یاد کیا جاتا ہے۔
ان کہانیوں کا ایک بار پھر سے منظرِ عام پر آنا ’ھل القصور پروگرام‘ کا حصہ ہے جو درعیہ سیزن 26/25 کے نمایاں پروگراموں میں سے ایک ہے جن میں شرکت کرنے اور اس تاریخی محل کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے لوگ جوق در جوق آ رہے ہیں۔
ماضی کی ان داستانوں سے وہ زمانہ تصور میں آ جاتا ہے جو مستند سعودی ثقافت اور سماجی اقدار کی بیش قیمت دولت سے مالا مال تھا۔
تاریخی الطریف ڈسٹرکٹ کے شمال میں واقع، شہزادہ ناصر کا محل ایسے انٹرایکٹیو تجربات پیش کرتا ہے جن سے اُس عہد میں روز مرہ کی زندگی اور علاقے کی سکیورٹی اور سلامتی میں شہزادہ ناصر کا کردار ابھر کر سامنے آ جاتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ ناصر نے کئی فوجی مہموں میں حصہ لیا اور مقاماتِ مقدسہ کی زیارت کے لیے آنے جانے والوں اور تجارتی کاروانوں کا تحفظ کرتے ہوئے انھیں نقصان سے بچائے رکھا۔

محل کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کو، محل اور شہزادہ ناصر کی شجاعت کے بارے میں جان کر ایک منفرد تجربہ حاصل ہوتا ہے جو ایک قائدانہ صلاحیت رکھنے والے رہنما کی تصویر ان کے سامنے لے آتا ہے جس نے ارادے کی پختگی اور بہادری کو باہم جوڑ دیا تھا۔
یہ محل انیسویں صدی کے شروع میں تعمیر ہوا جس میں نجد کا خاص فنِ تعمیر بہت نمایاں ہے۔ محل میں صرف ایک منزل ہے جس کی چھت پر ٹیرس ہے۔ محل میں کشادہ برآمدہ بھی ہے جس کے بارے میں مشہور ہے کہ یہ الطریف ڈسٹرکٹ میں کسی بھی عمارت کا سب سے بڑا برآمدہ ہے۔
محل کی خاص بات اس کا مخصوص، سادہ اور مستند ڈیزائن ہے۔ اس کے علاوہ محل میں لوگوں کے بیٹھنے کے لیے ’بڑی مجلس‘ کا مقام بھی ہے جہاں آنے والوں کی میزبانی کی جاتی تھی۔ محل میں سجاوٹ کے مختلف عناصر جا بجا ملتے ہیں جو درعیہ کے ماحول کی وراثت کو ظاہر کرتے ہیں۔

درعیہ سیزن 26/25 کا مقصد، درعیہ کو سعودی ریاست کے گہوارے کی حیثیت میں لوگوں کے سامنے پیش کرنا ہے اور پائیدار ثقافتی رابطوں کے ذریعے، درعیہ گیٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے وژن کی تکمیل کرنا ہے۔
اس سیزن کے دیگر پروگراموں میں وسیع پیمانے پر ایسے ثقافتی تجربات شامل ہیں جو جدید دور کے تقاضوں کی مدد سے اصل سعودی اقدار کو اجاگر کرتے ہیں۔