Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا قائداعظم ٹرافی کا چیمپئن، ناردرن پنجاب کو شکست

ناردرن کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 214 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی (فوٹو: پی سی بی)
کراچی میں خیبر پختونخوا نے ناردرن پنجاب کو شکست دے کر قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ فائنل میں دفاعی چیمپئن نے ناردرن کو 169 رنز کے بھاری مارجن سے ہرادیا۔
میچ کے آخری روز کم سے کم 64 اوورز میں 384 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 214 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پہلی اننگز میں چار وکٹیں حاصل کرنے والے ساجد خان نے دوسری اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد وسیم جونیئر نے بھی میچ میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔
ایونٹ کے ٹاپ سکورر اور ناردرن کے اوپنر محمد ہریرہ نے میچ کی دونوں اننگز میں نصف سینچریاں بنائیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلاسکے۔
پہلی اننگز میں 51 رنز کی اننگز کھیلنے والے محمد ہریرہ دوسری اننگز میں 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ فیضان ریاض 49 رنز بنا کر دوسری اننگز میں ناردرن کے دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔
اس سے قبل 118 رنز کی برتری سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ٹیم خیبر پختونخوا نے ریحان آفریدی اور فخر زمان کی نصف سینچریوں کی بدولت 265 رنز بنائے۔
ریحان آفریدی 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان نے بھی اتنی ہی مرتبہ گیند کو باؤنڈریز کے باہر پہنچا کر 50 رنز سکور کیے۔ ساجد خان نے 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 39 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد نواز نے 4 اور موسیٰ خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پہلی اننگز میں افتخار احمد کی سینچری کی بدولت خیبر پختونخوا نے 374 رنز بنائے تھے۔ جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 256 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ حیدر علی 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے جبکہ رنرز اپ کو 50 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا (فوٹو: پی سی بی)

ناردرن کے مبصر خان کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی، اوپنر محمد ہریرہ کو ایونٹ کا بہترین بیٹر، جبکہ روحیل نذیر کو بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا۔
فائنل میں سینچری اور دو وکٹیں حاصل کرنے پر خیبر پختونخوا کے کپتان افتخار احمد کو پلیئر آف دی فائنل جبکہ علی عثمان کو بہترین بولر کا انعام دیا گیا۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے جبکہ رنرز اپ کو 50 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔

شیئر: