Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سال کے بہترین کھلاڑیوں کی دوڑ میں محمد رضوان اور فاطمہ ثنا شامل

فاطمہ ثناء نے 2021 میں 13 میچوں میں 20 وکٹیں لی ہیں۔ (فائل فوٹو: پی سی بی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سالانہ ایوارڈز کے لیے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور خاتون پاکستانی بولر فاطمہ ثنا کو نامزد کردیا ہے۔
آئی سی سی نے مردوں کی کیٹیگری میں ’ٹی20 پلیئر آف دا ایئر‘ ایوارڈ کے لیے محمد رضوان سمیت چار کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے۔
اس کیٹگری میں نامزد کیے گئے کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین جوس بٹلر، آسٹریلوی آلراؤنڈر مچل مارش اور سری لنکن کھلاڑی رانندو ہسارنگا بھی شامل ہیں۔
جبکہ آئی سی سی کی جانب سے خواتین کی کیٹیگری میں ’ون ڈے پلیئر آف دا ایئر‘ ایوارڈ کے لیے پاکستانی فاسٹ بولر فاطمہ ثنا سمیت چار کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے۔
خواتین کی کیٹگری میں نامزد کی گئیں دیگر تین کھلاڑیوں میں انگلش کھلاڑی ٹیمی بیمونٹ، جنوبی افریقی کھلاڑی لیزل لی اور ویسٹ انڈین کھلاڑی ہیلے میتھیوز شامل ہیں۔
پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے سال 2021 میں 29 ٹی20 میچز میں 73.66 کی اوسط سے 1 ہزار 326 رنز بنائے ہیں جس میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک سینچری بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے اس سال ٹی20 میچز میں وکٹ کے پیچھے بھی 24 شکار کیے ہیں۔
جبکہ فاطمہ ثنا نے سال 2021 میں 13 ون ڈے میچز کھیل کر 20 وکٹیں حاصل کیں اور 132 رنز سکور کیے۔
بیس سالہ آلراؤنڈر نے ویسٹ انڈیر کے خلاف ایک میچ میں اس سال پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا اور 11 وکٹوں کے ساتھ وہ اس پانچ روزہ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر تھیں۔
آئی سی سی کی ووٹنگ اکیڈمی جس میں کرکٹ کے بین الاقوامی صحافی اور براڈکاسٹرز شامل ہیں ووٹنگ کے ذریعے ٹیسٹ پلیئر آف دا ایئر کا انتخاب کریں گے۔
آئی سی سی اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے کرکٹ مداحوں کو بھی ووٹنگ کا حق دے گا اور ٹیسٹ پلیئر آف دا ایئر کے انتخاب کے وقت مداحوں کے ووٹوں کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

شیئر: