Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دو برس بعد عید پر پاکستانی فلمیں سینما میں، شائقین پرجوش

’گھبرانا نہیں ہے‘ میں صبا قمر پانچ برس کے بعد بڑی سکرین پر نظر آرہی ہیں۔ (فوٹو: زاہد احمد انسٹاگرام)
کورونا نے پاکستان کو ہی نہیں ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں ایسا لیا کہ دو سال تک ہر قسم کی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئیں۔
اب جا کر کہیں کورونا کے بادل چھٹے ہیں تو زندگی نارمل ہو رہی ہے اور اس عید پر تو سینما گھروں کی رونقیں بھی بحال ہو رہی ہیں اور شائقین کافی پر جوش بھی ہیں۔
اس عید پر اردو فلمیں (دم مستم، چکر، گھبرانا نہیں ہے، پردے میں رہنے دو) دو پنجابی (تیرے باجرے دی راکھی، گوگا سائیں) اور تین پشتو فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں۔
فلم ’دم مستم‘ جس کے پرڈیوسر عدنان صدیقی اور اختر حسین ہیں، اس میں ٹی وی اداکارعمران اشرف، امر خان اور مومن ثاقب اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔
امر خان خود ہی اس فلم کی لکھاری بھی ہیں۔ ’دم مستم‘ کی پرموشن کافی زور و شور کی گئی ہے جس کے بارے میں ڈائریکٹر احتشام الدین کافی پرامید ہیں۔
فلم کا میوزک شیراز اپل، اذان سمیع خان، نبیل شوکت علی، شانی ارشد اور بلال سعید نے ترتیب دیا ہے۔ بلال سعید نے پہلی بار کسی فلم کا میوزک دیا اور گانے گائے ہیں۔
فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ کے پرڈیوسر جبران بیگ اور حسن ضیا ہیں جبکہ ڈائریکٹر ثاقب خان ہیں۔
کاسٹ میں زاہد احمد، صبا قمر، سید جبران، نیر اعجاز، افضل خان (ریمبو)، سہیل احمد اور ثاقب خان کے نام قابل ذکر ہیں۔
اس فلم سے اداکار زاہد احمد ڈیبیو کر رہے ہیں۔ چھوٹی سکرین کے بعد پہلی بار صبا قمر اور زاہد احمد کو بڑی سکرین پر دیکھا جائے گا۔
صبا قمر پانچ برس کے بعد بڑی سکرین پر نظر آ رہی ہیں۔ ان کے مداح ان کو دیکھنے کے لیے کافی بےتاب ہیں۔
وجاہت رؤف کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’پردے میں رہنے دو‘ کی کاسٹ میں ہانیہ عامر، علی رحمان، مرکزی کرداروں میں جبکہ دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ، منزہ عارف، محمد حسن رضا، نورالحسن، سعدیہ فیصل، سونیا نذیر، سیف حسن اور یاسر حسین کے نام شامل ہیں۔
موسیقی عاشر وجاہت اور حسن علی نے ترتیب دی ہے۔

فلم  ’چکر‘ کا گانا ’چڑیا‘ کافی پسند کیا جا رہا ہے۔ (فوٹو: احسن خان انسٹاگرام)

چوتھی فلم ’چکر‘ ہے جس کے مرکزی کرداروں میں احسن خان اور نیلم منیر نظر آئیں گے۔ ان کے علاوہ جاوید شیخ اور یاسر نواز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
یاسر نواز اور ندا یاسر کی پروڈکشن میں تیار ہونے والی اس فلم کا میوزک نوشاد نے ترتیب دیا ہے۔
پنجابی فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ جو کہ سید نور کی ڈائریکشن میں تیار ہوئی ہے، اس میں ٹک ٹاکر جنت مرزا اور عبداللہ خان پہلی بار نظر آ رہے ہیں۔ یہ ان کی ڈیبیو فلم ہے۔
 پرڈیوسر صفدر ملک کی اس فلم کی دیگر کاسٹ میں صائمہ نور،ابر علی، راشد محمود، مصطفیٰ قریشی، صائمہ سلیم، نغمہ بیگم، عامر قریشی، عرفان کھوسٹ، شفقت چیمہ اچھی خان، اقصیٰ مختار اور سید علی کرمانی کے نام قابل ذکر ہیں۔ جبکہ افتخار ٹھاکر، آغا ماجد،خوشبو، سلیم البیلا، شیری ننھا کامیڈی کرتے نظر آئیں گے۔

پردے میں رہنے دو کا ’پیلا رنگ‘ اور دم مستم  کا ’لڑکی اچاری‘ کے گانے کافی مقبول ہوئے ہیں۔ (فوٹو: علی رحمان خان انسٹاگرام)

تیرے باجرے دی راکھی کا میوزک ذولفقار عطرے نے ترتیب دیا ہے۔
اسی طرح سے مسعود بٹ کی فلم ’گوگا سائیں‘  بھی ریلیز ہو گی۔
جتنی بھی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں ان کے ڈائریکٹر اور پرڈیوسرز کا دعویٰ ہے کہ ان کی فلم فلم بینوں کو ضرورپسند آئی گی۔ لیکن یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ کون سی فلم دلوں کے تار چھوتی ہے۔
خوشی کی بات یہ ہے کہ دو سال کے طویل عرصے کے بعد شائقین کو فلمیں دیکھنے کا موقع میسر آ رہا ہے۔
سینما انڈسٹری دو سال تک مسلسل بحران کا شکار رہی ہے۔ اب جب کورونا وبا سے جان چھٹتی نظر آرہی ہے تو سینما مالکان، ڈائریکٹرز، پرڈیوسرز اور انویسٹرز حوصلہ کر کے میدان میں آئے ہیں اور تیار پڑی فلموں کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دم مستم کی پرموشن کافی زور و شور کی گئی ہے۔ (فوٹو: عمران اشرف انسٹاگرام)

اس عید پر ریلیز ہونے والی فلمیں تقریباً بڑی کاسٹ کے ساتھ ہیں اور مرکزی کرداروں میں نظر آنے والے فنکار پہلی بار بڑی سکرین پر جلوہ گر ہو رہے ہیں۔
فلم  ’چکر‘ کا گانا ’چڑیا‘ کافی پسند کیا جا رہا ہے۔
’گھبرانا نہیں ہے‘ کا ’جھانجریا‘ پردے میں رہنے دو کا ’پیلا رنگ‘ اور دم مستم کا ’لڑکی اچاری‘ زبان زد عام ہیں۔

شیئر: