Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین حکومت کا ’نیٹ فلکس‘ سے پاکستانی شو ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ نشر نہ کرنے کا مطالبہ

نیٹ فلکس کی اُردو زبان کی پہلی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا پہلا سیزن 4 دسمبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والا ہے (فوٹو: آئی ایم بی ڈی)
انڈین میڈیا نے جمعرات کو یہ خبر دی ہے کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے عالمی سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس سے کہا ہے کہ وہ انڈیا میں پاکستانی سیریز نشر نہ کرے۔ اِس سے قبل فلمی کارکنوں کی ایک بااثر تنظیم نے مودی کو خط لکھ کر اس سیریز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس کی اُردو زبان کی پہلی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا پہلا سیزن 4 دسمبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والا ہے۔ اِس سیریز کا انگریزی عنوان ’آل دی لو آور ہارٹس کیری‘ ہے۔
فلمی کارکنوں کی تنظیم آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے منگل کو وزیراعظم نریندر مودی کے نام ایک خط میں مطالبہ کیا تھا کہ انڈیا میں پاکستانی سیریز نشر کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق، انڈین حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ نیٹ فلکس نے جون 2025 میں انڈیا کی وزارتِ اطلاعات و نشریات کو یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستان میں بننے والی کوئی فلم یا سیریز انڈین صارفین کے لیے دستیاب نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق، انڈیا میں نئی پاکستانی سیریز کی ممکنہ ریلیز کے حوالے سے شکایات موصول ہونے کے بعد حکومت نے نیٹ فلکس سے کہا ہے کہ وہ اپنی سابقہ یقین دہانی پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے اِس معاملے پر نیٹ فلکس سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا، تاہم کمپنی نے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

فلمی کارکنوں کی تنظیم آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم  مودی سے مطالبہ کیا کہ انڈیا میں پاکستانی سیریز نشر کرنے کی اجازت نہ دی جائے (فوٹو: ایکس)

انڈیا کئی دہائیوں سے پاکستان پر الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے سرگرم اسلامی شدت پسند گروہوں کی معاونت کرتا ہے، اِنہیں تشدد پر اُکساتا ہے اور انڈیا میں ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث ہے۔
اِن الزامات میں گزشتہ برس انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہندو سیاحوں پر ہونے والا حملہ بھی شامل ہے، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اِس واقعے کے بعد دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کئی برسوں کی بدترین فوجی جھڑپیں ہوئی تھیں۔ پاکستان اِن الزامات کی بھی تردید کرتا ہے۔
نیٹ فلکس کے لیے انڈیا ایک اہم مارکیٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق، انڈیا میں نیٹ فلکس کے صارفین کی تعداد تقریباً دو کروڑ ہے۔ علاوہ ازیں کم قیمت انٹرنیٹ تک رسائی رکھنے والے نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث بھی انڈین مارکیٹ میں سٹریمنگ پلیٹ فارمز کے صارفین کی تعداد میں اضافے کے اِمکانات موجود ہیں۔
پاکستانی سیریز رُکوانے کے لیے وزیراعظم مودی کے نام خط
قبل ازیں پاکستانی اداکاروں فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور دیگر فنکاروں کی نئی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘کی نیٹ فلکس پر نمائش کی خبروں پر آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے وزیراعظم نریندر مودی سے خط لکھ کر اِس کی نمائش روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔
تنظیم نے نیٹ فلکس انڈیا اور دیگر آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر پاکستانی مواد کی نمائش روکنے کے لیے مستقل قانون سازی کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سخت سزائیں مقرر کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

انڈیا کے شہر بنگلورو میں قبل ازیں پاکستانی ٹی وی ڈرامہ ’درِ نجات‘ کی دو نجی نمائشوں کو بھی منسوخ کر دیا گیا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)

اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق تنظیم نے منگل 24 نومبر کو وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا کہ پاکستانی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو 4 دسمبر کو نیٹ فلکس انڈیا پر ریلیز نہ ہونے دیا جائے۔
انڈین شہر بنگلورو میں پاکستانی ڈرامہ ’درِ نجات‘ کی نمائش اچانک منسوخ
انڈیا کے شہر بنگلورو میں قبل ازیں پاکستانی ٹی وی ڈرامہ ’درِ نجات‘ کی دو نجی نمائشیں سوشل میڈیا پر تنقید اور مخالفت کے بعد منسوخ کر دی گئی تھیں۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اِن تقریبات کے اشتہاری پوسٹرز گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہے تھے، جس کے بعد نمائش پر بحث شروع ہو گئی اور مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے۔
یہ تنازع جب زیادہ بڑھا تو دونوں پروگراموں کے منتظمین نے نمائشیں منسوخ کر دیں۔

شیئر: