Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک کے کن شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا؟

سنیچر کو پاکستان کے بالائی علاقوں اور اسلام آباد میں بھی بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی (فائل فوٹو: اے پی پی)
سنیچر کو موسلا دھار بارش کے بعد اب اتوار کو بھی کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، شہید بے نظیرآباد، جامشورو، میرپور خاص، دادو، عمر کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں تیز بارش کی پیشین گوئی کی گئی ہے جس سے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ڈی جی خان، سرگودھا، ڈی آئی خان، ملتان، مظفر گڑھ، ساہیوال، خانیوال، بہاول پور، بہاول نگر اور رحیم یار خان میں بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
اتوار کو بلوچستان کے اضلاع ژوب، لورالائی، بارکھان، کوہلو، شیرانی، سبی اور بولان کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشین گوئی کی گئی ہے جس سے مقامی آبادی کو ندی نالوں میں طغیانی کے باعث خطرات لاحق ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آئندہ 24 گھنٹوں میں کشمیر، گلیات، مری، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چلاس، دیامر، گلگت، ہنزہ، استور اور سکردو میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اس لیے مسافر اور سیاح موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کریں اور سفر کے دوران محتاط رہیں۔
سنیچر کو پاکستان کے بالائی علاقوں اور اسلام آباد میں بھی بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، کشمیر، پنجاب، سندھ، شمالی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سنیچر کو پاکستان کے بالائی علاقوں اور اسلام آباد میں بھی بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سنیچر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چلاس میں 43 جبکہ دال بندین اور بونجی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ 20 سے26 جولائی کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ اور نارووال میں  تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔
’لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاء الدین، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور،مردان، صوابی ،نوشہرہ ، کرم اور کوہاٹ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشین گوئی کی گئی تھی۔

شیئر: