جازان میں گرد وغبار کا طوفان، حد نگاہ انتہائی متاثر
’گرد وغبار کے طوفان سے پوری ساحلی پٹی سمیت مکہ اور مدینہ بھی قدرے متاثر ہوں گے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج پیر کو جازان ریجن کے متعدد شہروں میں گرد و غبار کا شدید طوفان ہے جس کے باعث حد نگاہ بعض علاقوں میں نہ ہونے کے برابر جبکہ بعض میں ایک کلو میٹر تک رہ جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’گرد وغبار کے طوفان سے الدرب، بیش، جزائر فرسان، ضمد، صبیا، أبو عریش، احد المسارحہ، صامطہ، الطوال اور ہائی وے کے علاوہ کھلے مقامات سب سے زیادہ متاثر ہوں گے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’جازان ریجن کے شہر الحرث، الدایر، الریث اور فیفا میں تیز ہوا چلے گی جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’گرد وغبار کے طوفان سے الباحہ ریجن بھی کم شدت کے ساتھ متاثر ہوگا‘۔
’الباحہ شہر کے علاوہ العقیق، المندق، بنی حسن اور قرب وجوار کے علاقوں میں 49 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’گرد وغبار کے طوفان سے جازان تک پوری ساحلی پٹی سمیت مکہ اور مدینہ بھی قدرے متاثر ہوں گے‘۔
’مکہ مکرمہ ریجن کے شہر طائف، میسان، اضم، القنفذہ اور العرضیات میں حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
’اسی طرح مدینہ منورہ کے شہر ینبع اور الرایس میں تیز ہوا چلے گی جس کی رفتار 49 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے‘۔