Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں عوام کے سفر کے لیے پہلی الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس متعارف

دسمبر سے ممبئی میں 200 الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا نے عوام کے استعمال کے لیے الیکٹرک ٹیکنالوجی سے چلنے والی پہلی ڈبل ڈیکر یعنی دو منزلہ بس متعارف کروا دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا کے شہر ممبئی سے ان الیکٹرک بسوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ 
توقع کی جا رہی ہے کہ رواں سال دسمبر سے 200 الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں ممبئی کی سڑکوں پر چلنا شروع ہو جائیں گی۔
خیال رہے کہ انڈیا میں پہلے سے ہی 400 ایک منزلہ بسیں الیکٹرک ٹیکنالوجی پر چل رہی ہیں۔
ایک ارب 40 کروڑ کی آبادی والا ملک انڈیا سب سے زیادہ کاربن خارج کرنے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے۔
انڈین حکومت نے سنہ 2070 تک کاربن کا اخراج صفر تک کرنے کا عہد کیا ہے۔
عوام کے استعمال کے لیے الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کا مقصد شہروں میں آلودگی کو کم کرنا ہے جہاں آب و ہوا کی کوالٹی بہت زیادہ خراب ہے۔
انڈین کمپنی اشوک لیلند کی ذیلی کمپنی سوئچ موبلٹی نے یہ الیکٹرک بسیں تیار کی ہیں۔
اس سے قبل سال 2014 میں اسی کمپنی کی بنی ہوئی الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں لندن میں بھی شروع ہوئی تھیں۔
سوئچ موبلٹی انڈیا کے چیف اگزیکٹو محیش بابو نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ عام لوگ الیکٹرک بسیں ہی استعمال کریں تاکہ کاربن کا اخراج صفر کرنے کا ہدف پورا کیا جا سکے۔
انڈیا میں تیار ہونے والی اس الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس میں 65 مسافر سفر کر سکتے ہیں۔ 
خیال رہے کہ ایندھن سے چلنے والی 900 کے قریب ڈبل ڈیکر بسیں سنہ 1937 میں پہلی مرتبہ ممبئی میں شروع کی گئی تھیں۔
یہ بسیں وقت کے ساتھ پرانی ہوتی گئیں اور اب صرف 50 سے کم رہ گئی ہیں جو ممبئی کی سڑکوں پر آج بھی چلتی ہوئی نظر آتی ہیں۔

شیئر: