Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف : موسم برسات کے لیے احتیاطی تدابیرپراعلی سطحی اجلاس

اجلاس میں متعدد اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی(فوٹو، ایس پی اے)
طائف کمشنری میں بارش سے ہونے والی تباہی کے معائنہ جاتی دورے کے بعد کمشنر نے تمام محکموں خصوصا شہری دفاع کے افسران اور اہلکاروں کو موثر کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔ اس حوالے سے کمشنر شہزادہ سعود بن نھار بن سعود کی صدارت میں محکمہ شہری دفاع کا ہنگامی اجلاس منگل کو منعقد ہوا۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق شہزادہ سعود نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کے تمام علاقوں میں شہری دفاع کی کمیٹیاں موجود ہیں۔ان دنوں مملکت بھر میں بارش کے موسم کے پیش نظرتمام سرکاری اداروں کی نمائندہ شہری دفاع کی کمیٹیاں بارش مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی تدابیراختیارکررہی ہیں۔ 
طائف میں شہری دفاع کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر یاسرالشریف نے کہاکہ شہری دفاع کی کمیٹی میں شامل سرکاری ادارے ہنگامی مسائل سے نمٹنے کے سلسلے میں بھرپورتعاون کررہے ہیں۔ 
کمیٹی نے ایجنڈے پر موجود اہم مسائل کاجائزہ لے کر متعدد سفارشات منظورکیں۔
ایک بڑی سفارش یہ کی گئی کہ ہرادارہ ہنگامی سکیمیں موثراندازمیں نافذ کرے۔ خاص طور پر بارش اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے جو ہنگامی سکیمیں پہلے سے موجود ہیں انہیں فعال شکل میں نافذ کیا جائے۔ 
دوسری سفارش یہ کی گئی کہ بارش کے دوران تمام متعلقہ اداروں کی ٹیمیں فیلڈ میں ہوں ۔ اس کی تیاری موسمیات کے ادارے کی جانب سے ہائی الرٹ جاری ہوتے ہی کرلی جائے۔ 

کمشنرطائف نے بارش سے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا(فوٹو، ٹوئٹر)

تیسری اہم سفارش یہ کی گئی کہ محلوں میں برساتی نالوں کی صفائی کا اہتمام کیا جائے اور اگر برساتی نالوں پر تجاوزات ہوں تو ہنگامی بنیادوں پر ختم کرائی جائیں۔ 
طائف کے کمشنر نے کمیٹی کے تمام ممبران کو تاکید کی کہ وہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جملہ خدمات احسن شکل میں پیش کریں۔ 

شیئر: