Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم نریندر مودی انڈیا کے مقبول ترین رہنما: سروے

63 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ بحیثیت وزیراعظم نریندر مودی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین وزیراعظم نریندر مودی اس وقت 52 فیصد مقبولیت کے ساتھ ملک کے سب سے مقبول ترین رہنما ہیں۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے ایک سروے ’موڈ آف دا نیشن‘ کے مطابق سروے میں حصہ لینے والے 52 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ وہ تیسری مرتبہ بھی ملک میں نریندر مودی کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے انڈیا میں لوک سبھا کے انتخابات اگلے سال منعقد ہونے ہیں اور اس وقت بھی مرکز میں بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت قائم ہے۔
رواں مہینے کروائے جانے والے سروے کے دوران 63 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ بحیثیت وزیراعظم نریندر مودی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ چند مہینوں پہلے کرائے گئے ایک اور سروے کے مطابق انڈین وزیراعظم کی کارکردگی سے مطمئن افراد کی تعداد 72 فیصد تھی۔
سروے میں حصہ لینے والے 44 فیصد لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ 2024 میں ہونے والے انتخابات میں بی جے پی کو صرف نریندر مودی کی وجہ سے ووٹ دیں گے۔
ملک کی ترقی اور ہندو مذہب کے پرچار جیسی وجوہات بھی سروے میں شامل تھیں لیکن زیادہ تر افراد کے خیال میں بی جے پی کو ووٹ دینے کے لیے صرف انڈین وزیراعظم کا چہرہ ہی کافی ہے۔
سروے میں شامل 52 فیصد افراد کا خیال ہے کہ ملک کا اگلا وزیراعظم بننے کے لیے نریندر مودی ایک اچھے امیدوار ہیں جبکہ 16 فیصد افراد نے کانگرس رہنما راہُل گاندھی کو ملک کا اگلا لیڈر بنتا دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شیئر: