حماس کے ایک سینیئر مسلح کمانڈر کو نشانہ بنایا: اسرائیلی فوج
53 سالہ سمیر ابو یونس حماس کے عسکری ونگ میں رفح بریگیڈ کے کمانڈر تھے (فائل فوٹو: روئٹرز)
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے حماس کے عسکری ونگ کے ایک سینیئر کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے۔
جبکہ حماس کے ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ خان یونس میں ہونے والے حملے میں حماس کے سینیئر عسکری کمانڈر سمیر ابو یونس ہلاک ہو گئے۔
بعد ازاں حماس نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نمازِ جنازہ اتوار کی سہ پہر جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں ادا کی جائے گی۔
53 سالہ سمیر ابو یونس حماس کے عسکری ونگ میں رفح بریگیڈ کے کمانڈر تھے۔ وہ 1991 سے القسام بریگیڈز سے وابستہ تھے اور رفح کے علاقے میں کئی اہم عسکری و عملی ذمہ داریاں انجام دے چکے تھے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق المواصی کے علاقے میں ایک سڑک پر انہیں نشانہ بنانے والے فضائی حملے میں سمیر ابو یونس ہلاک ہوئے جبکہ متعدد دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی نے بڑے پیمانے کی لڑائی روک دی تھی، تاہم اس کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں اور حماس کو غیر مسلح کرنے کا مقصد بھی حاصل نہیں ہو سکا۔
غزہ کی صحت حکام کے مطابق جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک کم از کم 16 سو فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب اسی عرصے کے دوران پانچ اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
