Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: اسلام آباد میں نواز شریف کی مولانا فضل الرحمان سے وفد کے ہمراہ ملاقات

عمران خان کے بچپن کے دوست اور تیسری بار سپیکر منتخب ہونے والے ایاز صادق کا سیاسی سفر
نومنتخب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کون ہیں؟
’اختیارات سے تجاوز‘، ہائیکورٹ کی ڈی سی اسلام آباد کو چھ ماہ قید کی سزا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میری ایٹ نے ملاقات کی ہے۔
جمعے کو لاہور میں ہونے والی ملاقات میں برطانوی ہائی کمشن لاہور آفس کی سربراہ کلاراسٹرینڈ ہوج بھی موجود تھیں۔
برطانوی ہائی کمشنر نے مریم نواز شریف کو پہلی خاتون وزیراعلٰی بننے پر مبارک باد دی۔
وزیراعلٰی مریم نواز شریف نے برطانوی ہائی کمشنر جین میری ایٹ کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں نے پنجاب کے طلبا کے لیے اعلٰی برطانوی یونیورسٹیوں میں سکالر شپ بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلٰی مریم نواز نے برطانوی ہائی کمشنر کو گورنس اور شفافیت پر اپنے ویژن سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو ڈیجیٹلائزیشن کے جدید دور میں لے جانا چاہتے ہیں۔ آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کے لیے برطانوی اداروں کو ممکنہ سہولتیں فراہم کریں گے۔
وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور میں آئی ٹی ٹوئن ٹاورز کا پراجیکٹ بہت جلد شروع کیا جائے گا۔

وزیراعلٰی پنجاب کی خصوصی مہم، تجاوزات کرنے والوں کو 15 دن کا الٹی میٹم

وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف خصوصی مہم شروع کرنے کے فیصلے کے بعد بلدیہ عظمیٰ لاہور نے تجاوزات کرنے والوں کو 15 دن کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل رافعہ حیدر نے جمعے کو کہا ہے کہ ’بلدیہ عظمیٰ نے 15 دنوں میں تجاوزات خود رضاکارانہ طور پر ہٹانے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ اس کے بعد لاہور کی 27 اہم شاہراہوں پر تجاوزات ہٹاؤ آپریشن کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ شعبہ ریگولیشن نے تمام سڑکوں کی نشاندہی مکمل کر لی ہے۔ ریڑھی بان مخصوص حدود میں کاروبار کریں جن سے ٹریفک مسائل نہ ہوں۔

مولانا فضل الرحمان سے نواز شریف کی ملاقات

سابق وزیراعظم نواز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے۔
جمعے کی سہ پہر اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پونے والی اس ملاقات میں ن لیگ کی جانب سے رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، ایاز صادق، سعد رفیق اور اسحاق ڈار موجود تھے۔
جے یوآئی کے مولانا عبدالغفور حیدری، حاجی غلام علی، اسلم غوری، نور عالم خان اور عثمان بادینی بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو حالیہ الیکشن کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ 
مولانا فضل الرحمان سے نواز شریف کی ملاقات کے بعد ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’ملاقات اچھی رہی، دونوں رہنماؤں میں ون آن ون ملاقات بھی ہوئی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں تمام قومی معاملات زیرِغور لائے گئے، مولانا فضل الرحمان نے اپنے موقف سے آگاہ کیا۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق ’مولانا فضل الرحمان ہمارے رہنما ہیں ہم نے سخت وقت گزارا ہے۔ ہمیں مولانا فضل الرحمان سے ہمیشہ رہنمائی ملتی رہی ہے، ہماری کوشش ہے وہ ہمارے ساتھ رہیں گے۔‘
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں مولانا فضل الرحمان کی رہنمائی موثر رہے، نواز شریف مولانا فضل الرحمان سے ووٹ مانگنے کی نیت سے نہیں آئے تھے بلکہ ملک کو درپیش سیاسی صورتحال پر بات ہوئی ہے۔‘
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’ون آن ون ملاقات میں پاکستان کی بہتری کے لئے کسی نتیجہ پر پہنچیں ہوں گے، مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ بہت شفیق ہیں انہیں ہم کہیں جانے نہیں دیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مولانا فضل الرحمان کی ہم سے کوئی ناراضگی نہیں۔‘
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق سپیکر قومی اسمبلی منتخب

 
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق 199 ووٹ حاصل کر کے سولہویں قومی اسمبلی کے سپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔
انتخابی عمل کے دوران کُل291 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ملک عامر ڈوگر کو 91 ووٹ ملے اور ایک ووٹ مسترد ہوا۔
سردار ایاز صادق تین بار منتخب ہونے والے پہلے سپیکر ہیں۔
بعد ازاں پیپلز پارٹی سید غلام مصطفیٰ شاہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئے۔ انہوں نے 197 ووٹ حاصل کیے۔ ہارنے والے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار جنید اکبر خان نے 92 ووٹ حاصل کیے۔
انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف کے ارکان اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے ووٹ نہیں ڈالے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے سرفراز بگٹی وزیراعلٰی بلوچستان نامزد
پاکستان پیپلز پارٹی نے سرفراز بگٹی کو وزیراعلٰی بلوچستان کے لیے نامزد کر دیا ہے۔
وزیراعلٰی بلوچستان کےلیے آج شام پانچ بجے تک سیکریٹری اسمبلی کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔
وزیراعلٰی کا انتخاب کل سنیچر کی صبح گیارہ بجے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان شراکت اقتدار کا معاہدہ طے پایا تھا۔ دونوں جماعتوں کو بلوچستان کی 65 رکنی اسمبلی میں سادہ اکثریت حاصل ہے۔
شراکت اقتدار کے معاہدے کے تحت وزیراعلٰی بلوچستان پیپلز پارٹی کا ہوگا اور مسلم لیگ ن اس کی حمایت میں ووٹ دے گی-
علی امین گنڈا پور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب

پاکستان تحریک انصاف سے علی امین گنڈا پور 90 حاصل کر کے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب ہو گئے ہیں۔ 
اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ڈاکٹر عباداللہ خان نے 16 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
نومنتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امین گنڈا پور نے صوبائی اسمبلی میں اپنی تقریر میں آج یکم مارچ سے صوبے میں صحت کارڈ دوبارہ بحال کرنے کا اعلان اور تمام پناہ گاہیں بھی کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے صدارتی الیکشن کا شیڈول جاری
الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی خالی نشستوں پر الیکشن اور صدر کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق صدارتی الیکشن 9 مارچ کو ہوگا جبکہ کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 4 مارچ کو ہو گی۔
صدارتی الیکشن کے لیے 2 مارچ دن 12 بجے تک کاغذات جمع کرائے جاسکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی خالی نشستوں پر پولنگ 14 مارچ کو کرائی جائے گی۔
سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب، ایوان میں شور شرابہ 
پاکستان کی سولہویں قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لیے اجلاس شروع  ہونے پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے شدید احتجاج کیا۔
پاکستان تحریک انصاف اور سنی اتحاد کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نامزد امیدوار عمر ایوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے سپیکر سے مطالبہ کیا کہ ’عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو ایوان سے باہر نکالا جائے۔ انتخابات کے نتائج نامکمل ہیں تو کیسے اجلاس بلایا جا سکتا ہے‘ 
عمر ایوب نے کہا کہ ان کی پارٹی کی جانب سے مخصوص نسشتوں پر خواتین ارکان کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے لہٰذا ایوان ابھی مکمل نہیں ہوا اور اس وجہ سے کارروائی جاری نہیں رکھی جا سکتی ہے۔
 

شیئر: