انڈیا کی ائیر فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ’آپریشن سندور‘ کے طے شدہ تمام اہداف پیشہ ورانہ اور درست طریقے سے کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیے ہیں۔
انڈین ائیر فورس (آئی اے ایف) نے اتوار کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’ایئر فورس نے قومی اہداف کے لیے پورے شعور اور سمجھ داری سے کارروائیاں کی ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’چونکہ آپریشن ابھی جاری ہے، اس لیے مناسب وقت پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔‘
مزید پڑھیں
-
’انڈیا کو بھرپور جواب‘، وزیراعظم کا آج یومِ تشکر منانے کا اعلانNode ID: 889513
-
رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے پاک، انڈیا جنگ بندی کا خیر مقدمNode ID: 889519
’آئی اے ایف تمام افراد کو قیاس آرائیوں اور غیرمصدقہ معلومات پھیلانے کے گریز کی تاکید کرتی ہے۔‘
دوسری جانب آج انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی رہائش گاہ پر ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کی ہے۔
اجلاس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، نیشنل سکیورٹی کے مشیر اجیت دوول سمیت تینوں افواج کی قیادت بھی شریک تھی۔
انڈین ایئرفورس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک دن قبل پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان 22 اپریل کو ہونے والے پہلگام حملے کے بعد سے جاری کشیدگی میں کمی سنیچر کو اس وقت دیکھی گئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کی خبر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘دی ٹوتھ‘ پر پوسٹ کی۔
جنگ بندی پر اتفاق کی دونوں ممالک کی قیادت نے تصدیق کی تاہم اس کے بعد بھی انڈیا اور پاکستان ایک دوسرے پر سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔
پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی دہشت گردوں کو واضح پیغام ہے: انڈین وزیر دفاع
انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی نے دہشت گردوں کو واضح پیغام دیا ہے۔
اتوار کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ’جن دہشت گردوں نے گذشتہ ماہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں 26 افراد کو ہلاک کیا تھا اور کئی خاندانوں کے سندور کو مٹا دیا تھا، اب انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے واضح پیغام بھیجا ہے کہ انڈیا دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی"کرے گا، "چاہے وہ سرحد کے اس طرف ہو یا سرحد کے اس پار۔‘