Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امینہ سے ڈمپل تک: بوبی گرل ڈمپل کپاڈیا کی تین دہائیوں پر محیط فلمی کہانی

فلم ’بوبی‘ کے ریلیز ہوتے ہی ڈمپل کپاڈیہ راتوں رات سٹار بن گئیں۔ (فوٹو: فیس بک)
فلمی دنیا، بالخصوص انڈین فلم انڈسٹری سے وابستہ کوئی بھی شخص شاید ہی ہو جس نے ڈمپل کپاڈیا کا نام نہ سنا ہو۔
فلم ’بوبی‘ کی بوبی، ’ساگر‘ کی مونا ڈی سلوا، ’جانباز‘ کی ریشما، ’رام لکھن‘ کی گیتا، ’رودالی‘ کی سنیچری، ’کرانتی ویر‘ کی میگھا، اور ’دل چاہتا ہے‘ کی تارا جیسوال، اگر آپ نے یہ فلمیں دیکھی ہیں تو آپ ان کرداروں سے ضرور واقف ہوں گے۔
لیکن کیا آپ امینہ کو جانتے ہیں؟ جی ہاں، معروف بالی وڈ اداکارہ ڈمپل کپاڈیا کا بچپن کا نام امینہ تھا، جو ان کے خاندان کے مذہبی پیشوا آغا خان سوم نے رکھا تھا۔
ڈمپل 8 جون 1957 کو بمبئی (موجودہ ممبئی) میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد چنّی بھائی کپاڈیا گجراتی تاجر تھے، جو ایک دولت مند اسماعیلی خواجہ خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ بعد ازاں ان کے خاندان نے ہندو مت اختیار کر لیا، مگر آغا خان کو وہ بدستور اپنا مذہبی پیشوا مانتے رہے۔
ڈمپل کی والدہ بیٹّی (بٹّی) تاحیات اسمائیلی عقیدے پر قائم رہیں۔ جب ڈمپل پیدا ہوئیں تو آغا خان سوم نے ان کا نام ’امینہ‘ رکھا، مگر انہیں عمومی طور پر ’ڈمپل‘ کے نام سے پکارا گیا۔
وہ چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں اور خود کہتی ہیں کہ وہ کم عمری ہی میں بالغ نظر ہو گئی تھیں کیونکہ ان کی دوستی زیادہ تر خود سے بڑی عمر کے لوگوں سے تھی۔
اداکار اور فلمساز راج کپور نے جب فلم ’بوبی‘ بنانے کا فیصلہ کیا تو انہوں نے اپنے بیٹے رشی کپور کے ساتھ ڈمپل کو کاسٹ کیا، اور یہ ان کی زندگی کا اہم موڑ بن گیا۔
فلم ’بوبی‘ کے ریلیز ہوتے ہی ڈمپل راتوں رات سٹار بن گئیں۔ یہاں تک کہ اس وقت کے سپر سٹار راجیش کھنہ، جو 30 برس کے تھے، نے صرف 15 سالہ ڈمپل سے شادی کر لی۔
فلم ’بوبی‘ کے بعد ڈمپل نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لی، کیونکہ بظاہر راجیش کھنہ سے شادی ہی ان کی سب سے بڑی کامیابی سمجھی گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بوبی سے قبل بھی ان کے نام پر غور کیا گیا تھا، دلیپ کمار کی فلم ’سنگھرش‘ میں وجینتی مالا کے بچپن کا کردار، اور جیا بہادری کی فلم ’گڈّی‘ کے لیے بھی۔
فلم ’بوبی‘ نہ صرف انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، بلکہ بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔ مگر اس کے باوجود انہوں نے تمام فلمی پیشکشیں مسترد کر دیں۔
گیارہ سال بعد، فلم ’ساگر‘ سے جب انہوں نے واپسی کی تو ایک بار پھر انہیں بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل ہوا۔
اگرچہ ’ساگر‘ سے ان کی واپسی ہوئی، لیکن فلم کی ریلیز میں تاخیر کے باعث ان کی کچھ اور فلمیں پہلے سامنے آ گئیں، جیسے کہ ’زخمی شیر‘ اور ’منزل منزل‘۔
ساگر میں ان پر فلمایا گیا نغمہ ’ساگر جیسی آنکھوں والی، یہ تو بتا تیرا نام ہے کیا؟بے حد مقبول ہوا۔ یہ فلم 58 ویں اکیڈمی ایوارڈز (آسکر) میں انڈیا کی جانب سے فارن فلم کیٹیگری میں بھی نامزد ہوئی تھی۔
فلم ’بوبی‘ کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر ڈمپل نے کہا تھا کہ جو کچھ بھی وہ آج ہیں، وہ اسی فلم کی بدولت ہے۔
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی تیسری اننگز کی شروعات فلم ’دل چاہتا ہے‘ سے ہوئی، جو 2001 میں ریلیز ہوئی اور کلٹ کلاسک ثابت ہوئی۔

سیف علی خان اور بومن ایرانی بھی ڈمپل کپاڈیہ کے پسندیدہ فنکاروں میں شامل ہیں۔ (فوٹو: فیس بک)

ڈمپل نے کئی بار کہا ہے کہ انہیں شادی کے لیے فلموں سے علیحدگی کا کوئی افسوس نہیں، مگر جب انہوں نے واپسی کی تو فلمی دنیا کافی بدل چکی تھی، اور اس وقت سری دیوی کا جادو سر چڑھ کر بول رہا تھا۔
اپنی دوسری اننگز میں انہوں نے کئی چیلنجز کے باوجود متنوع کردار ادا کیے، اور اگر کہا جائے کہ انہوں نے اپنی ہم عصر اداکاراؤں سے زیادہ مختلف کردار نبھائے، تو غلط نہ ہوگا۔
انہوں نے سو سے زائد فلموں میں اداکاری کی اور آج بھی فلمی دنیا میں فعال ہیں۔ انہوں نے تقریباً تمام بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا، تاہم ان کے پسندیدہ اداکار رشی کپور اور کمل ہاسن ہیں۔ رشی کے ساتھ ان کی پہلی فلم تھی، جبکہ کمل ہاسن کے ساتھ دوسری۔
سیف علی خان اور بومن ایرانی بھی ان کے پسندیدہ فنکاروں میں شامل ہیں۔
1993  میں ریلیز ہونے والی فلم ’رودالی‘ کے لیے انہیں نیشنل ایوارڈ ملا، جبکہ ’کرانتی ویر‘ کے لیے انہیں بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ راجیش کھنہ سے شادی کے باوجود ان کے ساتھ ان کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی۔ ایک فلم ’جے جے شو شنکر‘ شروع ہوئی تھی، لیکن مکمل نہ ہو سکی۔ یہ فلم راجیش کھنہ کی ہی ایک فلم کے گیت سے متاثر ہو کر نامزد کی گئی تھی۔

امینہ عرف بوبی عرف ڈمپل کی آج 68 واں جنم دن ہے۔ (فائل فوٹو)

ڈمپل نے راجیش کھنہ سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ’کاکا جی (راجیش کھنہ) جیسا سپر سٹار کوئی اور نہیں ہوا۔ ایک بار وہ بیمار ہوئے تو ان کے گھر ’آشیرواد‘ کے باہر مداحوں اور صحافیوں کا ہجوم جمع تھا۔ میں نے ان سے کہا کہ باہر جانے سے پہلے شال لے لیں اور سن گلاسز پہن لیں۔ انہوں نے مڑ کر مجھے دیکھا اور کہا: ’اب تم مجھے بتاؤ گی کہ مجھے کیا کرنا ہے؟‘
ڈمپل کی زندگی ایک تدریجی تبدیلی کی حیرت انگیز داستان ہے۔
14 سال کی عمر میں فلمی ڈیبیو، راجیش کھنہ سے شادی، علیحدگی کے بعد جرآت مندانہ واپسی، اور پھر فلم انڈسٹری میں اپنی جگہ دوبارہ بنانا، یہ سب ان کی داخلی قوت اور صلاحیت کا مظہر ہے۔ آج بھی وہ فلموں میں نظر آتی ہیں۔
2023  میں وہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ میں جلوہ گر ہوئیں، جبکہ حالیہ برسوں میں ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ اور ’مرڈر مبارک‘ جیسی فلموں میں بھی کام کیا۔
امینہ عرف بوبی عرف ڈمپل کو 68 واں جنم دن مبارک ہو!

شیئر: