Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن کی ملکہ رانیہ اور شہزادی سلمیٰ کا سیاحتی مقام ’وادی رم‘ کا دورہ کیا

وادی رم اپنی منفرد جغرافیائی ساخت کے باعث بین الاقوامی فلمی پروڈکشنز کے لیے بھی ایک مقبول مقام ہے۔ (فوٹو: پیٹرا)
اردن کی ملکہ رانیہ اور شہزادی سلمیٰ نے ملک کے جنوبی حصے میں واقع وادی رم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی ٹور آپریٹرز سے ملاقات کی اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے دستیاب مختلف تجربات کا مشاہدہ کیا۔
عرب نیوز کے مطابق وادیٔ رم، جسے ’وادیِ قمر‘ بھی کہا جاتا ہے، یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔

یہ وادی اپنے دلکش ریتلے پتھریلے مناظر، سنہری و سرخ ٹیلوں، پیدل سفر اور چٹانوں پر چڑھائی کے مواقع، نیز مستند بدوی ثقافتی تجربات کے لیے مشہور ہے۔

بدھ کے روز اپنے دورے کے دوران ملکہ اور شہزادی نے عثمانی دور کی حجاز ریلوے کی بھاپ سے چلنے والی ٹرین میں سفر کیا، جسے اردن ہیریٹیج ریوائیول کمپنی چلاتی ہے۔

یہ ٹرین ایک سیاحتی سرگرمی کا حصہ ہے جس میں گریٹ عرب ریوولٹ کے ایک جنگ کی منظرکشی کی جاتی ہے۔
 کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مؤید ابو رمان نے بتایا کہ کمپنی کا مقصد تاریخ کو مستند، دلچسپ اور تفریحی انداز میں زندہ کر کے اردن کے سیاحتی شعبے کو فروغ دینا ہے۔

شاہی شخصیات نے مقامی ٹور آپریٹرز کے ساتھ الاؤ کے گرد بیٹھ کر اس مقام پر مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے دستیاب منفرد تجربات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

وادی رم اپنی منفرد جغرافیائی ساخت کے باعث بین الاقوامی فلمی پروڈکشنز کے لیے بھی ایک مقبول مقام ہے، اور یہاں ہالی ووڈ کی فلمیں جیسے ’ڈیون سیریز، ’سٹار وارز‘ کی دو فلمیں اور ’دی مارشین فلمائی جا چکی ہیں۔

شیئر: