کویت نے ایران کے مسلسل حملوں پر احتجاجاً ایرانی سفیر کو طلب کر لیا
کویت نے ایرانی سفیر محمد توتنچی کو وزارت خارجہ طلب کیا (فوٹو: وزارت خواجہ کویت)
کویت نے ملک پر مسلسل ایرانی حملوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایرانی سفیر محمد توتنچی کو وزارت خارجہ طلب کر لیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق کویت نے یہ اقدام جمعرات کو ڈرون حملے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کے بعد اٹھایا ہے۔
کویت کی وزارت خارجہ کے مطابق ’ایرانی سفیر کو طلب کر کے انہیں احتجاجی مراسلہ دیا گیا، جس میں ملک پر مسلسل ایرانی حملوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔‘
وزارت کے مطابق ’جمعرات کو ہونے والے ڈرون حملے میں ملک کے ایک اہم مقام کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں دو اطالوی شہری ہلاک ہوئے۔‘
رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد جرمن دفاعی کمپنی رائن میٹل کے ملازم تھے اور کویت میں فضائی دفاعی نظام پر کام کر رہے تھے۔
دوسری جانب ایران نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے کویتی ہم منصب جراح جابر الاحمد الصباح اور اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے کہا کہ ’اس واقعے میں ایران کا کوئی کردار نہیں۔‘
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ’عباس عراقچی نے کویت اور اٹلی کے ساتھ مل کر واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے میں تعاون کی پیشکش بھی کی ہے۔‘
ادھر ایران کی جانب سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کویت اور خلیجی ملک بحرین پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کے کنٹرول کے معاملے پر ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی بھی جاری ہے۔
