شاہ سلمان مرکز کی مختلف ممالک میں طبی اور فلاحی امدادی سرگرمیاں
شاہ سلمان مرکز کی مختلف ممالک میں طبی اور فلاحی امدادی سرگرمیاں
جمعہ 27 نومبر 2026 20:58
نیپال میں موسم سرما کے حوالے سے سیلاب متاثرین میں اشیا تقسیم کی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز کی جانب سے مختلف ممالک میں ضرورت مندوں کے لیے امدادی و فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق مرکز کی طبی خدمات فراہم کرنے والی ٹیموں نے اردن میں موجود شامی پناہ گزینوں کے کیمپ میں گزشتہ ماہ 6 ہزار 182 مریضوں کا طبی معائنہ کیا، جن میں 1960 مریضوں نے جنرل کلینک جبکہ 660 نے انٹرنل میڈیسن سے رجوع کیا، 700 بچوں اور 354 مریضوں کو دانتوں کے علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔
میڈیکل کیمپ میں 149 مریضوں نے جلدی امراض کے شعبے سے رجوع کیا، جبکہ 519 مریضوں کو فزیوتھراپی کی سہولت فراہم کی گئی۔
دوسری جانب مرکز نے جمہوریہ سوڈان کے النیل الابیض میں ضرورت مندوں میں 1500 سے زائد فوڈ باسکٹس تقسیم کیں جن سے 8 ہزار 103 افراد مستفیض ہوئے۔
نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لیے شاہ سلمان مرکز کی جانب سے موسم سرما کے حوالے سے امدادی سامان ارسال کیا گیا۔ جس سے 12 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین مستفیض ہوئے۔
عدن کے کیمپ میں 50 خیمے اور ضرورت کی دیگر اشیا تقسیم کی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)
یمن کی کمشنری مارب کے شہر المدینہ اور العبدیہ میں 806 فوڈ باسکٹس 2 ہزار 821 افراد میں تقسیم کی گئیں، جبکہ عدن کمشنری کے مرکز البریقہ میں پناہ گزینوں کے کیمپ میں 50 خیمے اور ضروری اشیا پر مشتمل 64 بیگز تقسیم کیے گئے جن سے 64 خاندانوں کو فائدہ ہوا۔
غزہ پٹی میں فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لیے مرکز کی جانب سے قائم مرکزی کچن سے 25 ہزار گرم کھانے کے پیکٹس تقسیم کیے گئے۔