Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کا اجلاس، سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے تعاون اور کوششیں جاری رکھنے کا عزم: مشترکہ اعلامیہ

سعودی عرب میں شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے مسلسل اور گھناؤنے حملوں کی سخت مذمت کا اعادہ کیا گیا (فوٹو: دفتر خارجہ)
سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے اسلام آباد میں مکہ اتحاد برائے دفاع کی سٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے تعاون اور کوششوں کو جاری رکھا جائے گا اور انہیں مزید تیز کیا جائے گا۔
کمیٹی نے خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تینوں ممالک علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اجتماعی طور پر کام جاری رکھیں گے۔
کمیٹی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے مسلسل اور گھناؤنے حملوں کی سخت مذمت کا اعادہ کیا اور یہ بھی دہرایا کہ معاہدے کی اجتماعی دفاعی شقوں کے مطابق سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے تعاون اور کوششوں کو جاری رکھا جائے گا اور انہیں مزید تیز کیا جائے گا۔
فریقین نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا، جن میں اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر فریق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام شامل ہے۔
کمیٹی نے 31 اگست 2026 کو استنبول میں ہونے والے اپنے افتتاحی اجلاس اور 5 اکتوبر 2026 کو ریاض میں ہونے والے ہنگامی اجلاس کے نتائج کا حوالہ دیا۔ کمیٹی نے ان اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا، خصوصاً وہ فیصلے جو اتحاد کو ادارہ جاتی شکل دینے اور قومی قوانین کے مطابق اجتماعی دفاعی وعدوں کے عملی نفاذ سے متعلق تھے۔
کمیٹی نے سعودی عرب میں اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کی رفتار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ سیکریٹریٹ اتحاد کے ادارہ جاتی کام اور مؤثر رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کرے گا۔

فریقین نے دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا (فوٹو: دفتر خارجہ)

کمیٹی نے جاری سیاسی اور فوجی مشاورت کے نتائج کا بھی جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی دلچسپی کے معاملات پر تعاون اور رابطوں کو فروغ دینے، علاقائی کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کرنے اور بات چیت و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی کے لیے مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
فریقین نے دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، تاکہ ان کی مسلح افواج کی مشترکہ صلاحیت اور ہم آہنگی کو بہتر بنایا جا سکے، باہمی سکیورٹی خدشات سے نمٹا جا سکے اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ میں کردار ادا کیا جا سکے۔

 

شیئر: