شہزادہ فیصل بن فرحان کو روسی وزیر خارجہ کا مکتوب موصول
سعودی نائب وزیرخارجہ سے روسی سفیر نے ملاقات کی اور مکتوب حوالے کیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کا ایک مکتوب موصول ہوا ہے جو دوطرفہ تعلقات اور تمام شعبوں میں ان کی سپورٹ سے متعلق ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی نائب وزیرخارجہ انجینیئر ولید الخریجی سے بدھ کو ریاض میں وزات کے ہیڈ کوارٹر میں مملکت میں روسی سفیر سرگئی کوزلوف نے ملاقات کی اور مکتوب حوالے کیا۔
ملاقات میں سعودی عرب اور روس کے درمیان تعلقات کا جائزہ اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی نے بدھ کو ریاض میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین ’الاونروا‘ کے کمشنر فلپ لازارینی کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں فلسطین کی صورتحال اور فلسطینی عوام کی سپورٹ کے لیے کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے ادارے کے درمیان تعاون کے پہلووں پر بھی بات کی گئی۔
سعودی نائب وزیر خارجہ سے مملکت میں تھائی لینڈ کے سبکدوش سفیر نے بھی الوداعی ملاقات کی۔
انجینیئر ولید الخریجی نے سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ان کی کوششوں کو سراہا۔
