Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ سب کی محبت اور حمایت پر دِل سے شکریہ‘، جیل سے رہائی کے بعد اداکار راجپال یادَو کا پہلا بیان

9 کروڑ روپے کے چیک باؤنس کیس میں ضمانت ملنے کے بعد بالی وڈ کے معروف اداکار راجپال یادونے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی پہلی پوسٹ شیئر کی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انہوں نے ہندی زبان میں ایک مختصر مگر جذباتی بیان میں لکھا کہ ’آپ سب کی محبت اور حمایت پر دِل سے شکریہ۔‘
جب دہلی ہائی کورٹ نے قریباً 9 کروڑ روپے کی ادائیگی کے لیے اداکار راجپال کو مزید مہلت دینے کی درخواست مسترد کی تو انہوں ںے 5 فروری کو خود کو عدالت کے حوالے کر دیا تھا۔ 
بعد ازاں عدالت نے شکایت کنندہ کے بینک اکاؤنٹ میں 1 کروڑ 50 لاکھ روپے جمع کرانے کے بعد راجپال یادَو کی سزا 18 مارچ تک معطل کر دی اور انہیں 17 فروری کو تہاڑ جیل سے رہا کر دیا گیا۔
رہائی کے بعد پی ٹی آئی ویڈیو سے بات کرتے ہوئے راجپال یادَو نے جیل اصلاحات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کے لیے سہولیات کو بہتر بنایا جانا چاہیے اور ریلوے سٹیشنز اور ایئرپورٹس کی طرح وہاں بھی تمباکو نوشی کے لیے جگہ مختص ہونے چاہیے۔
اداکار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جیلوں کو اصلاحی مراکز کے طور پر کام کرنا چاہیے جہاں قیدیوں کو خود کو بدلنے کے لیے مواقع فراہم کیے جائیں۔
تاہم انہوں نے اپنی گفتگو میں یہ بھی کہا کہ جو افراد سُدھرنا نہیں چاہتے اُن کے لیے قانون کی بالادستی برقرار رہنی چاہیے۔
راجپال یادَو ںے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’باہر سے یہ اندازہ لگانا اکثر مشکل ہوتا ہے کہ کون عادی مُجرم ہے اور کس سے وقتی طور پر غلطی سرزَد ہوئی ہے۔‘
یاد رہے کہ اداکار سونو سُود اور گُرمیت چودھری کے علاوہ موسیقار راؤ اِندرجیت یادَو نے راجپال یادَو کی گرفتاری کے بعد اُن کے اہلِ خانہ کو مالی مدد فراہم کی اور اس سلسلے میں دوسروں سے بھی تعاون کرنے کی اپیل کی۔

 

شیئر: