Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

9 کروڑ روپے چیک باؤنس کیس: راجپال یادو کو عبوری ضمانت مل گئی

راجپال یادو نے اپنی فلم کے لیے پانچ کروڑ روپے قرض لیا تھا (فوٹو: انسٹگرام)
اپنی مزاحیہ اداکاری کی وجہ سے شہرت پانے والے مشہور انڈین اداکار راجپال یادو کو نو کروڑ انڈین روپے کے چیک باؤنس کیس میں دہلی ہائی کورٹ سے عبوری ریلیف مل گیا ہے جس کے بعد وہ اہم خاندانی تقریب میں شرکت کے لیے جیل سے باہر آ سکیں گے۔
ضمانت ملنے کے بعد ان کے بڑے بھائی سریپال یادو نے این ڈی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
سریپال یادو نے کہا کہ ’خاندان اس خبر سے بے حد خوش ہے کیونکہ راجپال اپنی بھانجی کی شادی میں شرکت کر سکیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ شادی میں نہ آتے تو تقریب کا کوئی مطلب ہی نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر وہ نہ آتے تو شادی کا کیا مطلب ہوتا؟ وہ خاندان کی اصل رونق ہیں۔ شادی میں ساری رونق اور سرگرمیاں انہی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ تمام تیاریاں مکمل تھیں، مگر اچانک یہ صورتحال پیدا ہو گئی اور وہ سمجھ رہے تھے کہ شاید نہیں آ سکیں گے۔ اب وہ آ رہے ہیں، ہم خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔ پورا خاندان خوشی سے نہال ہے۔ کیس کے بارے میں وہ خود بات کریں گے۔‘
سریپال یادو نے مزید کہا کہ ’اس سے بڑی راحت کوئی نہیں ہو سکتی تھی، اگر وہ موجود نہ ہوتے تو ساری خوشی ماند پڑ جاتی۔‘

کیس کا پس منظر

راجپال یادو نے سنہ 2012 میں اپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اتہ پتا لاپتہ‘ کے لیے کمپنی ’مرالی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ‘ سے پانچ کروڑ روپے قرض لیا تھا۔ فلم باکس آفس پر ناکام رہی جس کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
وقت کے ساتھ سود اور جرمانوں کی وجہ سے رقم بڑھ کر تقریباً نو کروڑ روپے ہو گئی۔ ادائیگی کے لیے جاری کیے گئے متعدد چیکس باؤنس ہونے کے بعد ان کے خلاف ’نیگوشی ایبل انسٹرومنٹس ایکٹ‘ کے تحت فوجداری کارروائی شروع کی گئی۔
اکتوبر 2025 میں 75 لاکھ روپے کے دو ڈیمانڈ ڈرافٹس جمع کرانے اور بعد ازاں 25 لاکھ روپے کی مزید پیشکش کے باوجود عدالت نے بار بار وعدہ خلافی کا نوٹس لیا اور مزید مہلت دینے کی درخواست مسترد کر دی۔

راجپال یادو اپنی مزاحیہ اداکاری کی وجہ سے مشہور ہیں (فوٹو: ایمازون پرائم)

پانچ فروری کو انہوں نے تہاڑ جیل میں سرینڈر کیا اور چھ ماہ قید کی سزا کا آغاز کیا۔
بعد ازاں خاندانی شادی کی بنیاد پر دائر عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ پیر کے روز عدالت نے ڈیڑھ کروڑ روپے شکایت کنندہ کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کے بعد سزا معطل کرتے ہوئے عبوری ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے راجپال یادو کو پاسپورٹ جمع کرانے، ملک سے باہر جانے پر پابندی اور 18 مارچ کو ہونے والی آئندہ سماعت میں حاضری یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔

بالی وُڈ میں سے کس نے راجپال یادو کی مدد کی؟

تہاڑ جیل میں سرینڈر کرنے کے بعد بالی وُڈ کے متعدد بڑے اداکار راجپال یادو کی مالی مدد کے لیے آگے آ گئے تھے۔ راجپال یادو کے مینیجر گولڈی کے مطابق سلمان خان، اجے دیوگن، ورون دھون، سونو سود اور ہدایت کار ڈیوڈ دھون سمیت کئی معروف شخصیات نے نو کروڑ روپے کے قرض کی ادائیگی میں تعاون کی پیشکش کی۔
منیجر کے مطابق اس مشکل وقت میں فلم انڈسٹری کے کئی لوگ راجپال یادو کے ساتھ کھڑے ہیں جس پر اداکار نے دلی تشکر کا اظہار کیا ہے۔

شیئر: