Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم ’دھورندھر‘ نیٹ فلکس پر ریلیز، لیکن شائقین کیوں مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں؟

’دھورندھر‘ سنہ 2025 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی انڈین فلم ہے (فائل فوٹو: فلم گریب)
بالی وڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ اور اکشے کھنہ کی فلم ’دھورندھر‘ ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل نیٹ فلکس نے سوشل میڈیا پر ٹیزر جاری کرتے ہوئے ناظرین کو فلم کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا تھا، جس کے بعد شائقین نے فلم دیکھنے میں خاصی دلچسپی دکھائی۔
انڈیا کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ’دھورندھر‘ ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں دستیاب ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق فلم کی او ٹی ٹی ریلیز ناظرین کی توقعات پر پوری نہیں اُتر سکی۔ کئی صارفین نے شکایت کی ہے کہ نیٹ فلکس پر موجود ورژن میں مکالمے میوٹ کیے گئے ہیں اور کچھ مناظر بھی کاٹ دیے گئے ہیں، حالانکہ فلم کو ’اے‘ سرٹیفیکیٹ حاصل ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے اس فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’اے ریٹڈ فلم کو او ٹی ٹی پر سنسر کرنا سمجھ سے بالاتر ہے،‘ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’اتنے کٹس سے فلم کی اصل فضا اور اثر ختم ہو جاتا ہے۔‘
رپورٹس کے مطابق ’دھورندھر‘ کا سنیما میں دورانیہ تقریباً 3 گھنٹے 34 منٹ تھا جبکہ نیٹ فلکس پر یہ فلم قریباً 3 گھنٹے 25 منٹ کی ہے یعنی او ٹی ٹی ورژن قریباً 10 منٹ کم ہے۔
کچھ صارفین نے فلم کے تکنیکی معیار پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ ناظرین کے مطابق فلم فو کے، ایچ ڈی آر یا ڈولبی ویژن اور ایٹموس جیسے جدید فارمیٹس میں دستیاب نہیں، جو آج کے دور میں ایک بڑی کمی سمجھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ’دھورندھر‘ 5 دسمبر 2025 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور فلم نے بین الاقوامی باکس آفس پر ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔ فلم کی کامیابی کے بعد اس کے سیکوئل ’دھورندھر ٹو‘ کا اعلان بھی ہو چکا ہے، جو 19 مارچ کو عید کے موقع پر ریلیز ہوگا۔ ’دھورندھر ٹو‘ کا مقابلہ ’کے جی ایف سٹار‘ یش کی آنے والی فلم ’ٹاکسک‘ سے متوقع ہے۔

شیئر: