پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’ہمارے صبر کا پیمانہ لبریزہو چکا۔ اب ہماری، تمہاری کھلی جنگ ہوگی۔‘
جمعے کی صبح ایکس اکاونٹ پر انہوں نے لکھا ’اب دما دم مست قلندر ھو گا۔ پاکستان کی فوج سمندر پار سے نہیں آئی ہوئی، تمہارے ہمسائے ہیں،تمہاری اوقات جانتے ہیں۔
انہوں نے لکھا ’نیٹو کی افواج کے انخلا کے بعد یہ توقع کی جاتی تھی کہ افغانستان میں امن ہو گا اور طالبان، افغان عوام کے مفادات اور علاقے میں امن پر توجہ مرکوز کریں گے مگر طالبان نے افغانستان کو انڈیا کی کالونی بنا دیا۔‘
’ساری دنیا کے دہشت گردوں کو افغانستان میں اکٹھا کر لیا اور دہشت گردی کو ایکسپورٹ کرنا شروع کر دیا۔ اپنی عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا۔ خواتین کو جو حقوق اسلام دیتا ہے وہ چھین لیے۔‘
خواجہ آصف نے کہا ’پاکستان نے براہ راست اور دوست ممالک کے ذریعہ حالات نارمل رکھنے کی پوری کوششیں کیں۔ بھر پور سفارت کاری کی مگر طالبان انڈیا کی پراکسی بن گئے۔‘
’آج جب پاکستان کو جارحیت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تو ہماری افواج اس وقت فیصلہ کن جواب دے رہی ہیں۔‘
وزیر دفاع نے کہا ’ماضی میں پاکستان کا کردار مثبت رہا ہے۔ 50 لاکھ افغانیوں کی 50 سال سےمہمان نوازی کی۔ آج بھی ہماری سر زمین پر افغان لاکھوں کی تعداد روزی کما رہے ہیں۔‘
ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے: شہباز شریف
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔‘
جمعے کی صبح بیان میں انہوں نے کہا ’افواج پاکستان کا عزم ہے کہ کسی بھی صورت ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔‘
’ہماری افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’آرمی چیف،چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔‘
وزیراعظم پاکستان نے کہا’ افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے لیس ہیں اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا ’وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘
’پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا تاہم ملکی سالمیت کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، اور افواجِ پاکستان ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلے کرے گی۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔‘