’اہم قانون سازی‘ قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر کو طلب
اتوار 29 نومبر 2026 20:55
صدر مملکت نے اجلاس طلب کرنے کے سمری کی منظوری دی ہے۔( فائل فوٹو)
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر کو شام پانچ بجے طلب کیا ہے۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے سمری کی منظوری دی ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ’قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر کو طلب کرنے کے لیے نئی سمری ارسال کی تھی۔ اسمبلی کا اجلاس 24 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اہم قانون سازی کی جائے گی۔‘
’تمام جماعتوں کی قانون سازی کے عمل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اجلاس میں ماحول کو سازگار رکھنُا حکومت اور اپوزیشن کی یکساں ذمہ داری ہے۔‘
تاہم وفاقی وزیر نے یہ واضح نہیں کیا کہ حکومت کون سی اہم قانون سازی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز حکومتی وفد نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلا ول بھٹو سے ملاقات مں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
علاوہ ازیں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا بلاول بھٹو زرداری سے حکومتی وفد کی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں قانون سازی پر گفتگو ہوئی لیکن ریفرنڈم پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے بتایا ’قومی اسمبلی میں مختلف وزارتوں اور محکموں سے متعلق اہم بل زیرِغور ہیں وہ اس اجلاس میں پیش ہوں گے۔‘
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا ’ریفرنڈم سے متعلق بل کا مسودہ چند گھنٹوں میں تیار ہو سکتا ہے لیکن اس کے لیے اتفاقِ رائے ضروری ہے۔ پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں میں اتفاقِ رائے کے بعد ریفرنڈم کا بل کسی وقت بھی لایا جا سکتا ہے۔‘
وفاقی وزیر کا کہنا تھا ’ریفرنڈم آئین میں صوبے بنانے کے طریقۂ کار کا متبادل نہیں۔ یہ عوامی رائے لینے کا ذریعہ ہے۔ نئے صوبوں کا معاملہ کسی ایک جماعت کا نہیں۔ پورے پاکستان کا ہے۔ ریفرنڈم کے ذریعے اہم قومی معاملے پر براہِ راست عوامی رائے لینے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ اسمبلی سے باہر ریفرنڈم اور دیگر سیاسی امور پر بات ہو سکتی ہے تو اسمبلی کے اندر گفتگو کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا ’مسلم لیگ (ن) نئے صوبوں سے متعلق فیصلہ مشاورت کے بعد مناسب وقت پر کرے گی۔‘
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا ’ملک میں قومی حکومت بنانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ حکومت کو اپوزیشن کی کسی سیاسی صف بندی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی سمیت تمام اتحادی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کھڑی ہیں۔‘
’گزشتہ روز بلاول بھٹو سے جب ملاقات ہوئی تو انہوں نے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت اور وزیراعظم اپنی مدت پوری کریں۔‘
