ایپل نے آئی فون 17 کا سستا ماڈل متعارف کرا دیا، قیمت کتنی ہے؟
ایپل نے آئی فون 17 کا سستا ماڈل متعارف کرا دیا، قیمت کتنی ہے؟
منگل 3 مارچ 2026 14:17
امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق یہ فون 11 مارچ سے مارکیٹ میں دستیاب ہو گا۔تصویر: اے ایف پی
امریکہ کی مشہور موبائل کمپنی ایپل نے پیر کو ایک اور اہم اور نسبتاً سستا ماڈل متعارف کرا دیا ہے۔
یہ دراصل آئی فون 17 کا ہی کم قیمت ورژن ہے جس کو 17 ای قرار دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کی تعداد کو بڑھانا اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں کمپنی کے پیچھے رہ جانے کے خدشات کو ختم کرنا بتایا جا رہا ہے۔
امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق یہ فون 11 مارچ سے مارکیٹ میں دستیاب ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 17 ای کی قیمت 599 ڈالر سے شروع ہو گی اور یہ آئی فون 17 کا سادہ ورژن ہے، جس میں وہی پروسیسر ہے لیکن سکرین قدرے چھوٹی ہے۔
اس فون میں دو کیمروں کی بجائے ایک کیمرہ ہے اور ڈائنامک آئی لینڈ بار شامل نہیں ہے جو ایپس کے حوالے سے معلومات دکھاتا ہے۔
ایپل کمپنی عموماً اپنے سستے فونز کے نئے ماڈلز ہر سال ریلیز نہیں کرتی لیکن یہ قدم گزشتہ سال آئی فون 16 ای کے بعد سامنے آیا ہے۔
اس حوالے سے ماہرین کہتے ہیں کہ کمپنی کے اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ سستے فونز کی مانگ بڑھ رہی ہے، اور آئی فون 16ای صارفین میں کافی مقبول رہا۔
اس کی فروخت نے مارکیٹ میں یہ خدشات بھی کم کیے کہ ایپل مصنوعی ذہانت کے میدان میں کہاں کھڑا ہے۔ کمپنی نے 2025 کی چوتھی سہ ماہی میں ریونیو کی توقعات سے بڑھ کر نتائج حاصل کیے جس کی بڑی وجہ آئی فون 17 کی کامیابی تھی۔
ایپل نے پچھلے سال ریکارڈ آئی فون اپ گریڈز اور ان صارفین کی تعداد میں دو گنا اضافہ کیا جو اینڈرائیڈ سے آئی فون پر منتقل ہوئے۔
ایپل کے سی ای او ٹم کک نے جنوری میں کہا تھا کہ آئی فون کی مانگ حیران کن ہے۔
آئی فون 17ای جو آئی فون 17 سے 200 ڈالر سستا ہے، پرانے فون رکھنے والے صارفین کو بھی اپنی جانب راغب کر سکتا ہے، خاص طور پر وہ صارفین جن کے فون ایپل انٹیلیجنس کے جدید فیچرز کو سپورٹ نہیں کرتے۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ یہ لانچنگ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب عالمی سمارٹ فون مارکیٹ کو مصنوعی ذہانت کی وجہ سے ریم (میموری) کی کمی کا سامنا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق،ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی اسی سال متوقع ہے۔ تصویر: اے ایف پی
انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن کے مطابق اس سال کی پہلی سہ ماہی میں عالمی سمارٹ فون مارکیٹ میں 6.8 فیصد کی کمی متوقع ہے۔
آئی فون 17ای کے ساتھ ایپل کے لیے یہ ایک اہم سال ہو سکتا ہے۔ کمپنی اپنے سری کے نئے ورژن کو متعارف کرانے والی ہے، جو جیمینی اے آئی ماڈل پر مبنی ہو گا اور سال کے آخر میں صارفین کے لیے دستیاب ہو گا۔
علاوہ ازیں بلومبرگ کا کہنا ہے کہ ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی اسی سال متوقع ہے۔
آئی فون 17ای سیاہ، سفید اور گلابی رنگ میں دستیاب ہو گا اور اس میں پچھلے ماڈل کے مقابلے میں زیادہ سٹوریج رکھی گئی ہے۔ اس میں نئے سیلولر موڈیم کا ورژن بھی شامل ہے، جس کی رفتار آئی فون 16ای کے ماڈل سے دو گنا زیادہ ہے۔
اسی طرح پیر کو ہی ایپل نے آئی پیڈ ایئر کا بھی نیا ورژن متعارف کرایا، جو زیادہ طاقت ور پروسیسر اور سٹوریج کے ساتھ آ رہا ہے۔