Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چار مارچ کو ’ایپل‘ کیا لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے؟

ایپل اس ایونٹ میں اپنی کئی نئی ڈیوائسز لانچ کرے گا (فوٹو: میک رومر)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے چار مارچ کو نیویارک، لندن اور شنگھائی میں ایک خصوصی تقریب منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
’سی نیٹ‘ کے مطابق کمپنی کی جانب سے پیر کے روز میڈیا نمائندوں کو دعوت نامے ارسال کیے گئے جن کے مطابق یہ تقریب مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے شروع ہوگی۔
یہ تقریب ایپل کی روایتی بڑی مصنوعات کی رونمائی سے مختلف دکھائی دے رہی ہے کیونکہ عام طور پر کمپنی اپنی بڑی تقریبات کیلیفورنیا کے شہر کیپرٹینو میں اپنے ہیڈکوارٹر میں منعقد کرتی ہے۔
اس بار تقریب کو نسبتاً محدود اور سادہ انداز میں منعقد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دعوت نامے میں ایپل کا لوگو زرد سے نیلے رنگ میں تبدیل ہوتا ہوا دکھایا گیا ہے، جس سے ماہرین یہ اندازہ لگا رہے ہیں کہ ممکنہ طور پر آنے والی ڈیوائسز میں یہی رنگ نمایاں کیے جا سکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ایپل آئندہ چند ہفتوں میں کئی نئی مصنوعات متعارف کرا سکتا ہے، جن میں نیا ’آئی فون 17 ای‘، آٹھویں جنریشن کا ’آئی پیڈ ایئر‘ کی اور ’میک بک‘ کے نئے ماڈلز شامل ہو سکتے ہیں۔ تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ آیا چار مارچ کی اس تقریب میں ان تمام مصنوعات کی رونمائی کی جائے گی یا نہیں، کیونکہ بعض اطلاعات کے مطابق ’آئی فون 17 ای‘ کو فروری کے آخر میں بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔
روایتی طور پر ایپل اپنی تقریبات کو براہِ راست نشر کرتا ہے لیکن کمپنی نے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا کہ آیا اس خصوصی تقریب کو بھی براہِ راست دکھایا جائے گا یا نہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایپل کی یہ تقریب عالمی موبائل نمائش موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران منعقد ہو رہی ہے، جو دو سے پانچ مارچ تک بارسلونا میں جاری رہے گی۔ اس نمائش میں دنیا بھر کی بڑی موبائل کمپنیاں اپنی نئی ڈیوائسز پیش کرتی ہیں، جو اکثر ایپل کی مصنوعات کو براہِ راست مقابلہ دیتی ہیں۔
اب ٹیکنالوجی کی دنیا کی نظریں چار مارچ پر مرکوز ہیں کہ ایپل اس خصوصی تقریب میں کیا نیا پیش کرتا ہے۔

شیئر: