رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن آج ہو گا، کیا پاکستان میں جزوی طور پر نظر آئے گا؟
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں گرہن کا بڑا حصہ دن کے وقت ہوگا۔ تصویر: اے ایف پی
رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن آج (منگل) کو ہوگا، جس کے دوران چاند سرخی مائل رنگ اختیار کر لے گا۔ پاکستان میں چاند گرہن کا آغاز دوپہر 1 بجکر 44 منٹ پر ہوگا۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق ملک میں گرہن کا آغاز منگل کو دوپہر ایک بج کر 44 منٹ پر قلمی مرحلے سے ہوگا، جب چاند زمین کے بیرونی سائے میں داخل ہو کر مدھم ہونا شروع ہو جائے گا۔
اس طرح دوپہر دو بج کر 50 منٹ پر جزوی گرہن شروع ہوگا، جبکہ مکمل چاند گرہن کا آغاز شام چار بج کر پانچ منٹ پر ہوگا۔ چاند گرہن اپنے عروج پر شام چار بج کر 34 منٹ پر پہنچے گا۔
شام پانچ بج کر تین منٹ پر مکمل گرہن ختم ہونا شروع ہوگا، چھ بج کر 17 منٹ پر جزوی گرہن کا اختتام ہوگا، جبکہ رات سات بج کر 23 منٹ پر گرہن مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ فلکیاتی منظر اس وقت بنتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آ کر چاند پر اپنا سایہ ڈالتی ہے۔ یہ واقعہ ہمیشہ مکمل چاند کی رات پیش آتا ہے۔ جب سورج کی روشنی زمین کے ماحول سے گزرتی ہے تو نیلی روشنی بکھر جاتی ہے اور سرخ و نارنجی شعاعیں چاند تک پہنچتی ہیں، جس کی وجہ سے مکمل گرہن کے دوران چاند گہرے سرخ یا نارنجی رنگ میں نظر آتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں گرہن کا بڑا حصہ دن کے وقت ہوگا، اس لیے ملک کے بیشتر علاقوں میں اسے براہِ راست دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ تاہم چاند طلوع ہونے کے وقت بعض شہروں میں گرہن جزوی طور پر دیکھا جا سکے گا، جس کا انحصار مقامی موسم اور مطلع کی صورتِ حال پر ہوگا۔
یہ چاند گرہن ایشیا، آسٹریلیا، شمالی و جنوبی امریکا سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں بھی دیکھا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق چاند گرہن دیکھنے کے لیے کسی خاص حفاظتی انتظامات کی ضرورت نہیں ہوتی، تاہم صاف آسمان اور کم روشنی والی جگہ بہتر مشاہدے میں مدد دے سکتی ہے۔