ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد 17 ہزار 500 امریکی وطن واپس پہنچ چکے ہیں
امریکہ کے نائب وزیر خارجہ کے مطابق ’منگل کو 8500 سے زیادہ امریکی وطن واپس پہنچے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ سنیچر کو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد اب تک 17 ہزار 500 سے زائد امریکی شہری وطن واپس آچکے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ کے نائب وزیر خارجہ ڈیلن جانسن نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’منگل کو 8500 سے زیادہ امریکی وطن واپس پہنچے۔‘
ان کے مطابق ’محکمہ خارجہ نے قریباً 6500 افراد کی مدد کی، جبکہ زیادہ تر امریکی شہری اپنی مدد آپ کے تحت اور قریباً تمام افراد کمرشل پروازوں کے ذریعے واپس لوٹے۔‘
ڈیلن جانسن نے مزید بتایا کہ امریکہ اس وقت خصوصی چارٹرڈ فلائٹس کا بھی انتظام کر رہا ہے، اور ایک غیر معمولی اقدام کے طور پر ان پروازوں کے ذریعے واپس آنے والے امریکیوں سے کوئی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔
بدھ کو امریکہ نے کراچی اور لاہور میں موجود اپنے غیر ہنگامی سفارتی عملے کو بھی پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ کراچی اور لاہور میں موجود امریکی قونصل خانوں کے غیر ہنگامی عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ محکمہ خارجہ نے سکیورٹی خطرات کی وجہ سے لاہور اور کراچی میں قائم امریکی قونصل خانوں سے غیر ضروری امریکی سرکاری ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
