امریکہ کی کراچی اور لاہور میں موجود اپنے غیر ہنگامی سفارتی عملے کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت
امریکہ کی کراچی اور لاہور میں موجود اپنے غیر ہنگامی سفارتی عملے کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت
بدھ 4 مارچ 2026 18:57
منگل کو لاہور اور کراچی میں امریکی قونصل خانوں نے اپنی سروسز جمعہ چھ مارچ تک معطل کرنے کا اعلان کیا تھا (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکہ نے کراچی اور لاہور میں موجود اپنے غیر ہنگامی سفارتی عملے کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ کراچی اور لاہور میں موجود امریکی قونصل خانوں کے غیر ہنگامی عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو سکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ محکمہ خارجہ نے سکیورٹی خطرات کی وجہ سے لاہور اور کراچی میں قائم امریکی قونصل خانوں سے غیر ضروری امریکی سرکاری ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
بیان مین امریکی حکام نے یہ وضاحت کی ہے کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وہ معمول کے مطابق کام جاری رکھے گا۔
اس سے قبل منگل کو پاکستان میں امریکی سفارت خانے اور لاہور و کراچی کے قونصل خانوں نے اپنی سروسز جمعہ چھ مارچ تک معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان امریکی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’یہ فیصلہ سکیورٹی صورت حال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔‘
’اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور لاہور و کراچی کے قونصل خانوں میں ویزہ اپوائنٹمنٹس اور امریکی شہری خدمات جیسے پاسپورٹ وغیرہ کی تمام معمول کی سروسز روک دی گئی ہیں۔‘
ترجمان امریکی سفارت خانے کا مزید کہنا ہے کہ ’نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔‘
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’یہ فیصلہ سکیورٹی صورت حال کے پیش نظر کیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: پیکسلز)
یاد رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی امریکی اور اسرائیلی حملے میں مارے جانے کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔
کراچی میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان اس وقت شدید جھڑپیں ہوئیں جب مظاہرین امریکی قونصل خانے کی بیرونی دیوار توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق احتجاج کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں نو افراد ہلاک ہوئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے ریڈ زون کی طرف جانے والے تمام راستے، جہاں سفارتی مشنز اور پارلیمنٹ واقع ہیں، ٹریفک اور عوامی نقل و حرکت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیے۔
مظاہرین کی جانب سے اسلام آباد کے ریڈزون میں داخلے کی کوشش کے دوران پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔