رأس تنورہ آئل ریفائنری کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام: سعودی وزارتِ دفاع
سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ایک ڈرون حملے میں رأس تنورہ آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔‘
عرب نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’ابتدائی اندازوں کے مطابق یہ حملہ ایک ڈرون کے ذریعے کیا گیا تھا، تاہم اس سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔‘
وزارتِ توانائی کے ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ’اس ناکام حملے کے نتیجے میں نہ تو کسی تنصیب کو نقصان پہنچا اور نہ ہی تیل کی ترسیل میں کوئی خلل آیا۔‘
واضح رہے کہ اسی ہفتے کے آغاز میں رأس تنورہ آئل ریفائنری کے قریب ایک ڈرون کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں محدود پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی تھی۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں ریفائنری کے قریب دو ڈرونز مار گرائے گئے تھے، تاہم اُن کے تباہ ہونے کے نتیجے میں گرنے والے ملبے سے تنصیب کو معمولی نقصان پہنچا تھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ’احتیاطی تدابیر کے طور پر ریفائنری کے چند آپریشنل یونٹس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا، تاہم اس کا اثر مقامی منڈیوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی پر نہیں پڑے گا۔‘
