نئے فارمیٹ اور بڑے انعام کے ساتھ ’سعودی ای لیگز‘ کا آغاز
نئے فارمیٹ اور بڑے انعام کے ساتھ ’سعودی ای لیگز‘ کا آغاز
پیر 9 مارچ 2026 13:45
انفرادی ٹورنامنٹ کے علاؤہ اس پورے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا انعام کراس گیم کلب چیمپئن شپ ہے۔ (فوٹو: سعودی آٹو ڈاٹ کام ڈاٹ ایس اے)
مملکت کی سب سے معتبر ای سپورٹس سرکٹ ’دی سعودی ای لیگز‘ کے 2026 کے سیزن کا آغاز ہوگیا ہے جس میں ’فور پروڈکٹ فارمیٹ‘ اور 10 لاکھ ڈالر (40 لاکھ ریال) سے زائد کے انعامات رکھے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ای سپورٹس فیڈریشن کے زیراہتمام اس سیزن کو اب تک سب سے زیادہ سخت مقابلے والا سیزن تصور کیا جا رہا ہے۔
اس سال ’سعودی ای لیگز‘ نے اپنا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے یلا گروپ کو بطور آفیشل پارٹنر ’سعودی ای لیگز‘ اور ویمنز لیگ کے طور پر شامل کیا ہے جس کے بعد اس کا آفیشل نام ’یلا سعودی ای لیگ ویمن‘ ہوگیا ہے۔
2026 کا سیزن چار مختلف کیٹیگریز میں تقسیم میں کیا گیا ہے۔ ’سعودی ای لیگز ایلیٹ‘ سب سے اعلیٰ درجے کی لیگ ہے جس میں مملکت کے ٹاپ کلب اور کھلاڑی دنیا کے 10 بڑے ای سپورٹس ٹائٹلز کے لیے مقابلہ کریں گے جن میں رینبو سِکس سِیج ایکس، کال آف ڈیوٹی بلیک اوپس سیون، پب جی موبائل راکٹ لیگ، ویلورینٹ، ای اے ایف سی 26، فورٹ نائٹ، وارزون، اوورواچ ٹو اور ایپکس لیجنڈ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ’سعودی ای لیگز چیلنجر‘ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو چھ لیگز ٹائٹلز جیسا کہ ڈوٹاٹو، موبائل لیجنڈز بینگ بینگ، لیگ آف لیجنڈز، کوڈ موبائل، کاؤنٹر سٹرائک ٹو اور ای فٹبال کے ذریعے گیمنگ کمیونٹیز کو ڈیویلپ کر رہا ہے۔
’یلا سعودی ای لیگ ویمن‘ ایک مخصوص پروگرام ہے جس کا مقصد سعودی خواتین کھلاڑیوں کو چار میجر ٹائٹلز جیسا کہ اوور واچ ٹو، ویلورینٹ، ای اے ایف سی 26، کال آف ڈیوٹی، بلیک اوپس سیون میں مہارت فراہم کرنا ہے۔
اس کے ساتھ ایک سعودی فائٹنگ لیگ بھی ہے جو صرف فائٹنگ گیم کمیونٹی کے لیے مختص ہے۔
یہ فائٹنگ گیم کے دلدادہ افراد کے لیے ایک پائپ لائن ہے تاکہ نچلی سطح سے مقامی ٹیلنٹ کو نکھارا جا سکے۔
انفرادی ٹورنامنٹ کے علاؤہ اس پورے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا انعام کراس گیم کلب چیمپئن شپ ہے۔ کلب پورے سیزن میں ’سعودی ای لیگز ٹورنامنٹ‘ سے پوائنٹ حاصل کرتے ہیں جس کے بعد سال کے آخر میں رینکنگ میں پہلے نمبر پر آنے والے کو دو لاکھ 70 ہزار ڈالر کا انعام دیا جاتا ہے۔ 2025 میں ’ٹویسٹڈ مائنڈز‘ چیمپئن بنے تھے۔
2026 کا سیزن چار مختلف کیٹیگریز میں تقسیم میں کیا گیا ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
ایس ای ایف کے ہیڈ آف ای سپورٹس پروڈکٹس عبداللہ الناصر کہتے ہیں کہ ’ہم بہت جذبے سے نئے شاندار ڈھانچے کے ساتھ 2026 کا سیزن لانچ کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارا اس سال کا ہدف ہے کہ ہم نچلی سطح سے ایلیٹ پروفیشنل لیول تک ہر قسم کے پلیئر کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقعے پیدا کریں۔ فینز اور پلیئرز، یہ سیزن آپ کے لیے ہے۔ ہم اس سیزن کو زیادہ سے زیادہ سخت مقابلے والا سیزن بنانا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’روایتی حریف سخت مقابلہ کریں گے، ٹیلنٹ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور ہمیں انتظار ہے کہ کون فاتح قرار پاتا ہے۔‘