Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ای سپورٹس ورلڈ کپ 2025: سعودی ولی عہد نے چیمپیئن فالکنز ٹیم کو ٹرافی دی

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ای سپورٹس ورلڈ کپ 2025 کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور چیمپیئن فالکنز ٹیم کو ٹرافی دی۔ تقریب میں اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ بھی موجود تھے۔
ریاض بلیوارڈ سٹی میں ہونے والے ای سپورٹس ورلڈ کپ میں سعودی فالکنز ٹیم نے مسلسل دوسری مرتب ٹائٹل جیت لیا۔
الاخباریہ اور ایس پی اے کے مطابق سعودی فالکنز 5 ہزار 200 پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ کی سٹینڈنگ میں سرفہرست رہی، ہالینڈ کی ٹیم دوسرے جبکہ فرانسیسی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔
فالکنز ٹیم نے 70 ملین ڈالر سے زیادہ کے پرائز پول میں سے 7 ملین ڈالر کا انعام حاصل کیا جو ورلڈ سپورٹس انڈسٹری کی تاریخ میں سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔
پرائز پول کی رقم جیتنے والی ٹیموں کے ساتھ  ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں میں ان کی رینکنگ کے مطابق تقسیم کی گئی۔
یاد رہے سعودی ٹیم فالکنز ای سپورٹس ورلڈ کپ 2024 کی بھی چیمپئن تھی۔
مسلسل دوسری مرتبہ تاریخی کامیابی کے ساتھ فالکنز نے دنیا کے معروف ای سپورٹس کلبوں میں سے ایک کے طور پر اپنی پوزیشن کو مضبوط کیا اور سب سے بڑے مقابلے میں مملکت کا پرچم بلند کیا ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض نے سات ہفتے 7 جولائی سے 24 اگست تک ای سپورٹس ورلڈ کپ کی میزبانی کی۔

تقریب میں اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ بھی موجود تھے۔(فوٹو: ایس پی اے)

 دنیا کے مختلف ملکوں کی نمائندگی کرنے والے کلبوں اور پلیئرز کی شرکت دیکھی گئی۔
25 ٹورنامنٹس میں 100 ممالک کے 200 کلبوں کے دو ہزار پروفیشنل پلیئرز نے مقابلہ کیا جو دنیا کے مقبول ترین الیکڑانک گیمز کی نمائندگی کرتے ہیں۔
 اس ایونٹ نے سعودی عرب کی حیثیت کو عالمی رہنما اور ای سپورٹس انڈسٹری کے مرکز کے طور پر مزید مستحکم کیا ہے۔
ای سپورٹس ورلڈ کپ فاونڈیشن نے پرتگالی فٹبال لیجنڈ اور النصر کلب کے کھلاڑی کرسٹینا رونالڈو کو ای سپورٹس ورلڈ کپ 2025 کے لیے گلوبل ایمبیسڈر مقرر کیا تھا۔

سعودی دارالحکومت نے سات ہفتے تک ای سپورٹس ورلڈ کپ کی میزبانی کی۔( فوٹو: ایس پی اے)

 واضح رہے سعودی دارالحکومت ریاض نے 2024 میں ای سپورٹس ورلڈ کپ کے پہلے ایڈیشن کی میزبانی بھی کی تھی۔
 مملکت میں گیمنگ کے شوقین تقریبا 28.3 ملین ہیں جو آبادی کا 70 فیصد ہیں۔
 سعودی عرب میں گیمنگ اور ای سپورٹس انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے جس میں ملکی گیم ڈویلپرز اور خطے میں عالمی سطح کے مقابلوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بڑی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت والے گروپ نے مملکت کو عالمی معیار کی گیمنگ کمپنیوں کے ساتھ عالمی گیمنگ ہب میں تبدیل کرنے کے لیے 142 بلین ریال کی سرمایہ کاری کررہی ہے۔

شیئر: