ریاض روایتی آرٹس فیسٹول 2026 کی میزبانی کرےگا
فیسٹیول میں مملکت بھرکے روایتی فنون کو اجاگر کیا جائے گا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ ثقافت ریاض میں روایتی آرٹس فیسٹول 2026 کی میزبانی کرےگی۔ مملکت کی سطح پر 26 مارچ سے 8 اپریل تک جاری رہنے والے فیسٹیول میں مملکت بھرکے روایتی فنون کو اجاگر کیا جائے گا۔
ایس پی اے کے مطابق فیسٹیول کا مقصد مملکت کے مختلف علاقوں سے ٹیلینٹ کی تلاش، ثقافتی شناخت کو مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
فیسٹیول میں روایتی و ثقافتی تجربے کو اجاگر کیا جائے گا جس میں مملکت کے مختلف علاقوں کی نمائندگی ہو گی جس سے علاقائی ثقافت کو فروغ ملے گا۔
یہ فیسٹیول وزیٹرز کو بھر پور ثقافتی تجربہ فراہم کرے گا، اس میں مملکت کے مختلف علاقوں کے رووایتی فنون کو پیش کرنے کے لیے ایک مخصوص پرفارمنس ایرینا ہوگا۔ جن میں نمایاں ترین اصلاحی اور براہ راست مکالمے کے فن کے ماہرین کے ساتھ سیشنز بھی شامل ہوں گے۔
فیسٹول میں نبطی شاعری کی شامیں بھی منعقد کی جائیں گی، منتخب شعرا اپنا کلام پیش کریں گے، وزیٹرز کو روایتی فنون کی بنیادی باتوں س آگاہی کےلیے ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔
دیگر نمایاں سرگرمیوں میں ’حکایہ البحر‘ دی سٹوری آف دی سی شامل ہے جو ساحلی زندگی کے ماحول کو دوبارہ تخلیق کرتی ہے۔ ملاحوں کی روز مرہ کے اطوار سے آگاہ کرنے کے علاوہ دیگراہم معلومات پیش کی جائیں گی۔
ثقافتی نمائش کے عنوان سے انٹرایکٹو تجربات پیش کیے جائیں گے جس کے تحت وزیٹرز کو روایتی پرفارمنگ آرٹس کے اہم رموز سے روشناس کرایا جائے گا، موسیقی کے آلات کے علاوہ تال و سروں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
شاپنگ ایریا میں روایتی ملبوسات اور فیشن کی نمائش بھی ہوگی۔
خیال رہے یہ فیسٹیول ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے وزارتِ ثقافت کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔