Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے اسلامک آرٹس میوزیم میں اسلامی خطاطی اور فنون کی نمائش

اسلامی خطاطی کے فن پاروں سے وزیٹرز کو متعارف کرایا جا رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)۔
جدہ کے اسلامک آرٹس میوزیم میں قدیم اسلامی فنون کی  نمائش جاری ہے۔ نمائش میں مختلف ادوار کے اسلامی فنون  کو نمایاں کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق  میوزیم مختلف شعبوں پر مشتمل ہے جن میں ایک حصہ عربی خطاطی کا ہے جہاں رکھے اسلامی خطاطی کے فن پاروں سے وزیٹرز کو متعارف کرایا جاتا ہے۔
نمائش میں قرآنی مخطوطات کے نمونے رکھے گئے ہیں جو مسلمانوں کے فنِ خطاطی کے عکاس ہیں۔
نمایاں مخطوطات میں دو میٹر اور 60 سینٹی میٹر لمبا کپڑے کا ٹکرا ہے جس پر قرآن کریم کے دس پاروں کی خطاطی اس خوبصورتی سے کی گئی ہے کہ اس فن کے ماہرین ہی نہیں بلکہ وہاں آنے والے تمام زائرین ہی اس میں کھو جاتے ہیں۔
میوزیم میں معروف خطاط اسماعیل الزھدی کے ہاتھ سے لکھے گئے قرآن کریم کے ایک سپارے کو بھی رکھا گیا ہے جس کی خطاطی انتہائی اعلی معیار کے کاغذ پر اس طرح کی گئی کہ دیکھنے والے ان کے فن کو سراہے بغیر نہیں رہ سکتے۔
اسلامی فنون کا میوزیم اس بات کی علامت ہے کہ عربی خطاطی صرف تحریر ہی نہیں بلکہ اسلامی فن کی روح ہے جو ابدی ثقافتی شناخت کا حصہ ہی نہیں بلکہ ماضی کو حال سے جوڑنے  اور آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

 

شیئر: