’فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن‘ سعودی عرب کا سپورٹ جاری رکھنے کا عزم
اتوار 29 نومبر 2026 22:46
فلسطینی ریاست کا قیام منصفانہ و پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
عرب لیگ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے سفیر عبدالعزیز المطر نے ’فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن‘ کے موقع پر مملکت کی جانب سے فلسطینی حکومت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق انہوں نے فلسطینی حکومت کو مستحکم بنانے کے لیے مملکت کی جانب سے جاری سپورٹ کا بھی اعادہ کیا۔
عرب لیگ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں مملکت کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا چار جون 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر بیت المقدس کو آزاد فلسطین کا دارالحکومت بنا کر قابل عمل اور جغرافیائی طور پر مکمل فلسطینی ریاست کا قیام خطے میں منصفانہ و پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا فلسطینی عوام سے یکجہتی محض اظہارِ حمایت تک محدود نہیں رہنی چاہئے، بلکہ اسے موثر سیاسی موقف، مشترکہ عالمی عزم اور ایسے عملی اقدامات میں تبدیل ہونا چاہئے جو اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور فلسطینی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
سعودی عرب کے مستقل مندوب نے کہا عرب امن اقدام نے خطے میں امن کے لیے جامع اور واضح لائحہ عمل دیا ہے جس کی بنیاد زمین کے لیے قیام امن، دوریاستی حل، باہمی سلامتی اور مشترکہ خوشحالی پر ہے۔
نیویارک اعلامیے نے اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر تاریخی عالمی اتفاق رائے کی عکاسی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا سعودی عرب نے یورپی یونین اور ناروے کے اشتراک سے دوریاستی حل کے نفاذ کے لیے بین الاقوامی اتحاد قائم کیا ہے جس کا مقصد مطلوبہ امن کے حصول کے لیے عالمی کوششوں کو یکجا اور مربوط کرنا ہے۔
انہوں نے نیویارک اعلامیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جامع منصوبہ، سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر 2803 کو دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے قائم بین الاقوامی اتحاد ایک دوسرے سے مربوط اقدامات ہیں۔
ان کی کامیابی کے لیے عالمی کوششوں میں ہم آہنگی، جنگ بندی پرعمل درآمد سے متعلق ذمہ داریوں کی تکمیل، ارسال کی جانے والی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور غزہ کی عبوری انتظامی صورتحال کو فلسطینی اتھارٹی سے منسلک کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے خبردار کیا اسرائیلی بستیوں کی توسیع، الحاق کی کوششوں، جبری بے دخلی اور آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد سے امن کے امکانات مسلسل متاثر ہو رہے ہیں۔ فلسطینی عالاقوں کا جغرافیائی اتحاد ایک آزاد اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے بنیادی شرط ہے۔
انہوں نے فلسطینی اتھارٹی اور اس کے قانونی اداروں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا ایسے اقدامات روکے جائیں جو فلسطینی اتھارٹی کو کمزور کرنے یا اس کے اداروں کے انہدام کا سبب بن سکتے ہیں۔
اپنے خطاب کے اختتام میں انہوں نے مملکت کے تاریخی اور مستقل موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اپنے برادر ممالک اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے اور انہیں ان کے تمام جائزحقوق دلوانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
