کنگ عبدالعزیز سٹی ’اے آئی چِپ ڈیزائن ہیکاتھون‘ کی میزبانی کے لیے تیار
اس اقدام کا مقصد ایک ہزار سے زائد سٹوڈنٹس کو موقع دینا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں واقع دی کنگ عبدالعزیز سٹی فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کاکسٹ) نے دوسری ’چِپاتھون ہیکاتھون‘ کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس کا اہتمام اکیڈمی 32 نے سعودی سیمی کنڈکٹر پروگرام کے ساتھ اشتراک کے بعد کیا ہے۔
اس ہیکاتھون کا مقصد آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے لیے الیکٹرونک چپس کو ڈیزائن کرنا ہے اور اس میں مملکت بھر کے تمام یونیورسٹی کے طلبہ حصہ لے سکتے ہیں۔ اس کی رجسٹریشن چار اپریل تک جاری رہے گی۔
اس اقدام کا مقصد قومی ٹیلنٹ کی شناخت کرنا اور اس کی ترقی کرنا ہے جبکہ اے آئی ایپلی کیشنز میں الیکٹرونک چِپ کی سکلز کو بھی تیز کرنا ہے۔
اس پروگرام سے طلبہ اپنی تعلیمی معلومات کے ساتھ ساتھ انڈسٹری کے عملی مسائل کا تجربہ بھی حاصل کر سکتے ہیں جس سے نئی ایجادات کی جا سکیں گی اور عالمی سطح کے ڈیزائنرز بھی بنائے جا سکیں گے۔
ہیکاتھون میں رجسٹریشن، سلیکشن اور ٹیم فارمیشن کے مراحل شامل ہیں جن کی آن لائن ٹریننگ پانچ اپریل سے شروع کی جائے گی جس میں چِپ ڈیزائن کے چیلنجز سکھائے جائیں گے اور پھر اختتامی تقریب میں ٹیموں کے نتائج کا اعلان ہوگا۔
اس اقدام کا مقصد ایک ہزار سے زائد سٹوڈنٹس کو موقع دینا ہے اور جدید اے آئی چِپ پروٹوٹائپ کو تیار کرنا ہے جس سے نیشنل انوویشن ایکوسسٹم میں ترقی حاصل کی جا سکے۔
