Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ کے رغدان جنگل کے بیچ یخ بستہ موسم میں افطاری

الباحہ ریجن کا رغدان جنگل رمضان المبارک کے دوران شہریوں اور وزیٹرز کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں لوگ قدرتی مناظر اور دھندلکے موسم کے درمیان افطار سے لطف اندوز ہونے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مغرب کی اذان سے کچھ دیر قبل فیملیز رغدان کے جنگل کا رخ کرتی ہیں اور اور درختوں کے نیچے افطار کے دسترخوان بچھا دیتی ہیں۔
رغدان کے جنگل میں شہری انتظامیہ کی جانب سے  فیملیز اور سیر و تفریح کے لیے آنے والوں کو مختلف سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
واضح رہے رغدان جنگل الباحہ ریجن کے نمایاں قدرتی وسیاحتی مقامات میں سے ایک ہے، یہ جنگل شہر کے مغربی سمت السروات پہاڑی کی ڈھلوانوں پر واقع ہے۔
 سطح سمندر سے تقریباً 1700 میٹر بلندی پر ہونے کی وجہ سے یہاں کا موسم معتدل رہتا ہے جبکہ یہاں سے السراہ پہاڑ اور تہامیہ کے میدانوں کے دلکش پینورامک مناظر سے بھی لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔
جنگل میں عرعر کے درخت بیشتر حصوں میں موجود ہیں جو تقریباً چار  لاکھ 83 ہزار مربع میٹر پر پھیلے ہوئے ہیں۔ جنگل میں موجود سبزہ زاروں کے درمیان واک ویز موجود ہیں جبکہ مختلف مقامات پر بیٹھنے کی جگہیں بھی بنائی گئی ہیں۔

رغدان کے جنگل میں سارا سال لوگ تفریح و سیر کے لیے آتے ہیں جبکہ سیاحتی سرگرمیوں کے حوالے سے فیسٹیول کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔
افطاری کے بعد جنگل میں آنے والے مختلف راستوں پر سیر و تفریح کرتے ہیں اور خوشگوار ماحول اور موسم سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ 

شیئر: