وفاقی دارالحکومت کے علاوہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے علاقائی انتظامیہ کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اگلے چند گھنٹوں میں مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم میں مزید بارش کا امکان ہے جبکہ خوشاب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور حافظ آباد میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
صوبہ سندھ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہونے کے باعث کراچی کے علاوہ دوسرے علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
پی ایم ڈی اے کا کہنا ہے کہ کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ نہیں جبکہ کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پشاور سمیت دوسرے علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور موسم کافی سرد ہو گیا ہے جبکہ اگلے 24 گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی جانب سے عوام کو سفر کے دوران احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)
بارش کے باعث بننے والی صورت حال کے حوالے ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں عوام کو سفر کے دوران احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق موٹر وے ایم ون پشاور سے اسلام آباد اور ایم ٹو اسلام آباد سے کوٹ مومن تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو جاتی ہیں اور حادثات کے خطرات بڑھ جاتے ہیں اس لیے رفتار کم اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔‘
علاوہ ازیں اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور سینیٹیشن سٹاف کی جانب سے نکاسی آب کے لیے واٹر پمپس سمیت دیگر آلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے واسا کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔