کئی علاقوں میں آج بارش اور پہاڑوں پر برفباری، ’سردی بڑھے، سموگ کم ہو گی‘
کئی علاقوں میں آج بارش اور پہاڑوں پر برفباری، ’سردی بڑھے، سموگ کم ہو گی‘
منگل 4 نومبر 2025 8:07
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے پنجاب میں بارش سے سموگ میں کمی آئے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج اور کل کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے سردی بڑھے گی۔
محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق آج بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح کل ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہے گا جبکہ پنجاب کے اضلاع سموگ کے زیراثر رہنے کا بھی امکان ہے۔
اسی طرح ترجمان پی ڈی ایم کے ترجمان کا کہنا ہے آج پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، لاہور، مری، گلیات، تلہ گنگ، اٹک، سرگودھا، جہلم، خوشاب، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور نارووال سمیت بعض دوسرے شہروں میں بھی بارش ہو سکتی ہے جبکہ مری اور گلیات سمیت دوسرے پہاڑی مقامات پر برف باری کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بارش سے پنجاب میں سموگ میں کمی آنے کے بھی امکانات ہیں تاہم شہری سموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اسی طرح ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے بتایا گیا ہے ہنگامی صورت حال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
خیبر پختونخوا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دیر، چترال، سوار، مالم جبہ، کوہستان، کالام، ایبٹ آباد، بٹگرام، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، ہنگو، کرک اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں مون سون کی تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے بعد سے موسم خشک ہے جبکہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت متعدد اضلاع سموگ کی لپیٹ میں ہیں، جس سے نمٹنے کی کوششی جاری ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش ہونے کی صورت میں سموگ میں کمی آئے گی۔