لبنان پر فضائی حملوں میں 300 ہلاکتوں کے بعد اسرائیلی وزیراعظم کا امن مذاکرات پر زور
لبنان پر فضائی حملوں میں 300 ہلاکتوں کے بعد اسرائیلی وزیراعظم کا امن مذاکرات پر زور
جمعرات 9 اپریل 2026 20:03
نیتن یاہو نے کہا کہ ان مذاکرات میں حزب اللہ کو غیرمسلح کرنے پر بھی بات ہو گی (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ لبنان کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بنیامین نیتن یاہو کا یہ بیان اسرائیل کی لبنان پر بدترین بمباری کے بعد سامنے آیا ہے جس میں لبنان میں 300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے۔
لبنان پر اسرائیلی بمباری نے اور ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکہ-ایران عارضی جنگ بندی کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔
اسرائیل کے وزیرِاعظم نے جمعرات کو مزید کہا کہ انہوں نے اسرائیل کو لبنان کے ساتھ امن مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت دے دی ہے، جن میں حزب اللہ کو غیرمسلح کرنے پر بھی بات ہوگی۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’میں نے لبنان کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کرنے کے لیے کی جانے والی بارہا درخواستوں کے پیشِ نظر کل کابینہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد سے جلد لبنان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کا آغاز کرے۔ یہ مذاکرات حزب اللہ کو غیرمسلح کرنے اور اسرائیل و لبنان کے درمیان پُرامن تعلقات قائم کرنے پر مرکوز ہوں گے۔‘
نیتن یاہو کے بیان پر لبنانی حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
نیتن یاہو کے بیان سے قریباً ایک گھنٹہ قبل لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا تھا کہ ’لبنان کی موجودہ صورتِ حال کا واحد حل یہ ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی ہو، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان براہِ راست مذاکرات شروع ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے ایک سفارتی حل پر کام کر رہے ہیں جسے بین الاقوامی حلقوں میں ’مثبت‘ انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔
لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں قریباً 1700 شہری ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل نے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا حزب اللہ کی جانب سے 2 مارچ کو اسرائیل پر حملے شروع کیے جانے کے بعد اس کے خلاف دوبارہ کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں قریباً 1700 شہری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 10 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔
ذرائع نے حزب اللہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ حزب اللہ کے کم سے کم 400 جنگجو مارے جا چکے ہیں، جبکہ یہ گروپ اسرائیل پر سینکڑوں راکٹ اور ڈرون حملے کر چکا ہے۔