کوئٹہ میں ایک ہی خاندان کے چار گھروں سے 52 کلو چاندی سمیت کروڑوں روپے کی چوری
جمعہ 10 اپریل 2026 17:22
زین الدین احمد، -اردو نیوز، کوئٹہ
پشتون آباد پولیس نے نذیر احمد کی مدعیت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 380، 457 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
کوئٹہ میں چوری کی ایک بڑی واردات پیش آئی ہے جہاں مبینہ طور پر چوروں نے ایک ہی وقت میں ایک ہی خاندان کے چار کے گھروں کو لوٹ لیا۔ متاثرہ افراد کے مطابق چور کم از کم 52 کلو چاندی سمیت کروڑوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ تھانہ پشتون آباد میں نذیر احمد کی مدعیت میں درج کرالیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ افراد سونار کا کام کرتے ہیں۔
درج کرائے گئے بیان کے مطابق متاثرہ خاندان پشتون آباد کے علاقے اٹھانی ہسپتال گلی میں رہائش پذیر ہے جبکہ ان کی لیاقت بازار کوئٹہ میں جیولر کی دکان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ اپنی دکان بند کرتے وقت زیورات گھر لے آتے ہیں۔
متاثرہ شخص کے مطابق کالونی میں ان کے چھ گھر ہیں اور تمام گھرانے گذشتہ شب ایک کزن کی شادی میں شرکت کے لیے ایک شادی ہال گئے ہوئے تھے۔ جب وہ شادی سے واپس آئے اور صبح تقریباً چھ بجے کالونی پہنچے تو مین گیٹ بند تھا۔
گیٹ کھولنے کے بعد دیکھا گیا کہ تمام گھروں کے بیرونی تالے بظاہر درست حالت میں تھے تاہم گھروں کے اندر داخل ہونے پر کمروں اور برآمدوں کے تالے ٹوٹے ہوئے ملے اور سامان بکھرا ہوا تھا۔
متاثرہ شخص کے مطابق ان کے گھر سے تین کمروں میں موجود تقریباً 50 کلوگرام چاندی کے بلاکس، 60 لاکھ روپے نقدی اور 200 گرام سونے کے زیورات، جن میں چھ عدد سونے کی انگوٹھیاں شامل تھیں، چوری ہو چکے تھے۔
اسی کالونی میں رہائش پذیر کزن شبیر احمد کے گھر سے ایک لائسنس یافتہ پسٹل، 20 لاکھ روپے نقدی اور 78 گرام سونے کے زیورات چوری ہوئے۔ دوسرے کزن خان محمد کے گھر سے 25 لاکھ روپے نقدی اور 130 گرام سونے کے زیورات غائب پائے گئے جبکہ تیسرے کزن زبیر کے گھر سے دو کلو چاندی، 15 لاکھ روپے نقدی اور 50 گرام سونے کا ہار چوری ہوا۔
متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ ان کے گھر سے سی سی ٹی وی کی ڈی وی آر بھی چور اپنے ساتھ لے گئے۔
تاہم کالونی میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ ان کے گھروں سے نکلنے کے تقریباً 17 منٹ بعد تین افراد ایک موٹر سائیکل پر آئے اور سب سے پہلے شبیر احمد کے گھر میں داخل ہوئے۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد فوٹیج میں چار افراد جن میں سے دو موٹر سائیکل پر اور دو پیدل تھے چوری شدہ سامان کے ساتھ کالونی سے نکلتے دکھائی دیے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جیسے ہی شادی میں جانے والی آخری گاڑی کالونی سے باہر نکلی ان کے گھر اور کالونی کے مین گیٹ پر نصب کیمرے اچانک بند ہو گئے جس سے شبہ ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی شخص پہلے سے گھروں یا کالونی کے اندر موجود تھا۔
پشتون آباد پولیس نے نذیر احمد کی مدعیت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 380، 457 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مجموعی طور پر چوری ہونے والے سامان میں تقریباً 52 کلوگرام چاندی، 458 گرام یعنی تقریبا 39 تولے سونا اور ایک کروڑ 20 لاکھ روپے نقدی شامل ہے۔
مارکیٹ کی قیمتیں دیکھی جائیں تو چوری ہونے والے زیورات کی مجموعی 5 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد کی مدد سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
