وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی اور امریکی وفود سے ملاقات: ’پاکستان عالمی امن کے لیے ثالث کا کردار ادا کرتا رہے گا‘
وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی اور امریکی وفود سے ملاقات: ’پاکستان عالمی امن کے لیے ثالث کا کردار ادا کرتا رہے گا‘
ہفتہ 11 اپریل 2026 15:35
وزیراعظم شہباز شریف سے امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں وفود نے سنیچر کو اسلام آباد میں الگ الگ ملاقات کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے والے ایران کے وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے تھے۔ ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر دونوں ممالک کے دیگر اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔
ایرانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان عالمی اور علاقائی استحکام اور امن کے حصول کے لیے ثالث کا کردار ادا کرتا رہے گا۔‘
انہوں نے اسلام آباد میں امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں ایران کی شمولیت کو سراہا۔
شہباز شریف نے اس موقعے پر قیامِ امن اور عالمی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے ان ملاقاتوں میں قیامِ امن اور عالمی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا (فوٹو: پی ایم آفس)
ملاقات میں امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے مشرقِ وسطیٰ سٹیو وِٹکوف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ’یہ بات چیت خطے میں پائیدار امن کی جانب سنگ میل ثابت ہو گی۔‘
مذاکرات میں دونوں وفود کے مثبت اور تعمیری رویے کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ’پاکستان خطے میں دیرپا امن کے حصول کے لیے دونوں فریقین کے درمیان اپنا سہولت کاری کا کردار جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد مذاکرات کے لیے ایران اور امریکہ کے وفود اسلام آباد پہنچے تو پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نُور خان ایئربیس پر غیرملکی مہمانوں کا استقبال کیا.