Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صبح کافی سے پہلے برش دانتوں کی صحت کے لیے کیوں ضروری ہے؟

ڈاکٹر مارک برہینی کے مطابق صبح کافی پینے سے پہلے برش کرنا بہتر ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
اگر آپ بھی صبح اٹھتے ہی ڈرامہ ’ٹو اینڈ اے ہاف مین‘ کے کردار چارلی ہارپر کی طرح فوراً کافی بنا کر پیتے ہیں تو ہو سکتا ہے آپ اپنے دانتوں کو نقصان پہنچا رہے ہوں۔
امریکہ سے تعلق رکھنے والے ماہرِ دندان ڈاکٹر مارک برہینی کا کہنا ہے کہ ’طریقہ یہ ہے کہ صبح کافی پینے سے پہلے برش کیا جائے کیونکہ اس سے دانتوں پر داغ پڑنے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔‘
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’کافی کا پی ایچ لیول تقریباً پانچ ہوتا ہے جو دانتوں کی اوپری سطح (اینامل) کو نرم کر دیتا ہے۔‘
ان کے مطابق ’ایسے میں اگر آپ کافی پینے کے فوراً بعد برش کرتے ہیں تو آپ دراصل دانت صاف نہیں کر رہے ہوتے بلکہ انہیں نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں۔‘
ڈاکٹر کے مطابق ’کافی کے بعد فوراً برش کرنا ایسا ہے جیسے آپ دانتوں کو رگڑ کر گھسا رہے ہوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اینامل کو دوبارہ سخت ہونے میں تقریباً 30 سے 40 منٹ لگتے ہیں اس لیے اس دوران برش کرنے سے دانتوں کی سطح مزید کمزور ہو سکتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہی وجہ ہے کہ کچھ لوگوں کے دانت دن میں دو بار برش کرنے کے باوجود وقت کے ساتھ زیادہ پیلے نظر آنے لگتے ہیں۔‘
’اسی طرح اگر آپ برش کیے بغیر کافی پیتے ہیں تو رات بھر دانتوں پر بننے والی بیکٹیریا کی تہہ (بایوفلم) کافی اور دودھ کے اجزا کو زیادہ آسانی سے چپکنے دیتی ہے، جس سے داغ بڑھ سکتے ہیں۔‘
اگر آپ کی عادت ہے کہ کافی کے بعد ہی برش کرتے ہیں تو ڈاکٹر نے اس کا حل بھی بتایا کہ ’پہلے تیل (ایم سی ٹی آئل) سے کلی کرنے سے بایوفلم کم ہو سکتی ہے، جبکہ کافی کے ساتھ پانی پینے سے تیزابیت کم ہوتی ہے۔‘
انہوں نے مشورہ دیا کہ کافی پینے کے بعد کم از کم 30 سے 40 منٹ انتظار کریں، پھر دانت برش کریں۔ روزمرہ کی اس چھوٹی سی تبدیلی سے آپ اپنے دانتوں کو طویل عرصے تک محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

شیئر: