Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’قدیم روایت‘: پہاڑوں کی بلندی پر کافی کے فارمز میں کاشتکاروں کی افطاری

سعودی عرب کا علاقہ جازان کافی کی پیداوار کے لیے غیرمعمولی شہرت کا حامل ہے جو مقامی افراد کے لیے اہم اور آمدنی کا بڑا ذریعہ بھی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق جازان کے علاقے میں کافی کی کاشت نسل در نسل چلی آرہی ہے، یہاں کے کاشت کار اس صنعت کو اپنی وراثت بھی کہتے ہیں۔
جازان کی کمشنری الدائر سعودی کافی کا اصل مرکز ہے۔ پہاڑوں کی بلندی پر حد نگاہ تک کافی کے فارمز پھیلے ہوئے ہیں۔
سرسبز اور قدیم تاریخی علاقہ ہونے کی وجہ سے بھی یہ سیاحوں میں غیرمعمولی طور پر مقبول ہے۔
علاقے میں کافی کے کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ’رمضان میں افطار دسترخوان باہمی میل ملاپ کی اہم روایت ہے جو عرصہ دراز سے آج  بھی قائم ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ کافی کی کاشت نسل درنسل منتقل ہوئی ہے اور یہاں تقریباً تمام خاندان ہی اس سے منسلک ہیں۔
’اگر یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ بچے ابتدائی عمر سے ہی اپنے بڑوں کے ساتھ کافی کی کاشت کے کاموں میں ساتھ دیتے ہیں۔‘

واضح رہے الدائر کمشنری کی پہاڑی چوٹیوں پر 1100 سے زیادہ کافی کے فارمز ہیں جہاں سالانہ بنیادوں پر سعودی کافی فیسٹول بھی منعقد کیا جاتا ہے جس میں انواع و اقسام کی علاقائی کافی کی نمائش کی جاتی ہے۔

 

شیئر: