Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ سے مذاکرات: پاکستانی وفد کی آج تہران آمد متوقع ہے: ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امن مذاکرات کے معاملے پر پاکستانی وفد آج تہران کا دورہ کرے گا۔
بدھ کو ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے پاکستانی وفد آج ایران پہنچے گا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس موقعے پر ایران اور امریکہ کے موقف پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔‘
انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ’اتوار سے اب تک پاکستان کے ذریعے امریکہ کے ساتھ کئی بالواسطہ پیغامات کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔‘
یاد رہے کہ ایران جنگ کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا۔
ایران نے جواب میں اسرائیل اور ان خلیجی ریاستوں پر حملے کیے جہاں امریکی اڈے موجود ہیں۔ ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں اور لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔
آٹھ اپریل کو دونوں ملالک کے درمیان پاکستانی کی ثالثی کے نتیجے میں جنگ بندی ہوئی تھی جو دو ہفتوں تک جاری رہے گی۔
اسی دوران 11 اپریل کو اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان 21 گھنٹے تک مذاکرات کا عمل جاری رہا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔
مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچنے والے امریکی وفد کی قیادت امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے تھے جبکہ ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کے سُپرد تھی۔

شیئر: