ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا دُوسرا راؤنڈ، اسلام آباد میں ’تیاریاں شروع‘
جمعرات 16 اپریل 2026 22:57
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے ممکنہ دُوسرے راؤنڈ کے لیے تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔
اسلام آباد میں صفائی سُتھرائی اور تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، اسی دوران راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ نے سکیورٹی انتظامات کے تحت جُڑواں شہروں کے پبلک ٹرانسپورٹ اڈے جمعرات کی رات سے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسی تناظر میں حکام کی جانب سے جمعے کی رات سے میٹرو بس سروس بھی بند کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دونوں شہروں میں سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے، جبکہ رینجرز اور ایف سی کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔
اردو نیوز کو اسلام آباد انتظامیہ کے ایک اعلٰی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ اور پولیس نے سکیورٹی کے حوالے سے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ بات چیت کی ہے۔
ان کے مطابق ’ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جمعرات کی رات سے ایک ہفتے کے لیے جُڑواں شہروں کے ٹرانسپورٹ اڈے بند رکھے جائیں گے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو دونوں شہروں میں داخل ہونے یا باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
اس کے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ ’جمعے سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ دیگر شہروں سے آنے والی پبلک ٹرانسپورٹ راولپنڈی اور اسلام آباد میں داخل نہ ہو سکے۔
اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ سکیورٹی انتظامات کے تحت ہی جمعے کی رات سے جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بھی بند کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کے فائیو سٹار سرینا ہوٹل کے اطراف اور ممکنہ وفود کی آمد کے راستوں میں تزئین و آرائش کا کام بھی تیز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے تاحال اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے ممکنہ دوسرے راؤنڈ کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے عندیہ دیا ہے کہ مذاکرات کا دوسرا دور بھی اسلام آباد میں ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ اگر ایران کے ساتھ امریکہ کی ڈیل ہو گئی تو میں اسلام آباد جا سکتا ہوں۔