لاہور اور ملتان سے عازمین حج کی پروازیں روانہ، پھولوں کے ساتھ رخصت کیا گیا
لاہور اور ملتان سے عازمین حج کی پروازیں روانہ، پھولوں کے ساتھ رخصت کیا گیا
ہفتہ 18 اپریل 2026 12:59
پنجاب کے شہروں لاہور اور ملتان سے پروازیں عازمین حج کو لے کر روانہ ہو گئی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے سنیچر کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق لاہور ایئرپورٹ سے روٹ ٹو مکہ کی پہلی سعودی ایئرلائن کی پرواز سنیچر کو ساڑھے 10 روانہ ہوئی جبکہ اس سے قبل وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج آپریشنز 2026 کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق، وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، وفاقی سیکریٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور روٹ ٹو مکہ کے سربراہ میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المیرابا نے عازمین کو رخصت کیا۔
تقریب کے دوران سردار محمد یوسف اور دیگر مقررین نے بہترین سہولیات کی فراہمی و تعاون پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے علاوہ سعودی وزیر حج عمرہ ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
لاہور ایئرپورٹ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج آپریشنز 2026 کا افتتاح کیا (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
علاوہ ازیں ملتان ایئرپورٹ پر بھی حج آپریشنز 2026 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایئر بلیو کی پرواز کے ذریعے 151 عازمین حج کو مدینہ منورہ کے لیے روانہ کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں میاں محمد کاظم پیرزادہ (صوبائی وزیر آبپاشی)، رانا عبد المنان ساجد (رکن صوبائی اسمبلی)، اور بیگم مقصودہ انصاری (رکن صوبائی اسمبلی) شامل تھے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر، ڈائریکٹر ٹرمینل آپریشنز ایئر بلیو کنور یاسر، ڈائریکٹر کمرشل ایئر بلیو ایم شفیق، جبکہ اے ایس ایف، ایف آئی اے اور اے این ایف کے افسران بھی موجود تھے۔
ملتان سے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی و دیگر حکام نے عازمین کو رخصت کیا (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
مہمانِ خصوصی نے ایئرپورٹ انتظامیہ اور ڈائریکٹوریٹ حج کی جانب سے عازمینِ حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا اور حج کے مقدس سفر کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے عازمینِ حج کو پھولوں کے ہار پہنائے اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔