جازان میں تیزی سے ترقی کرتے چھوٹے کاروبار
جازان کے نوجوانوں نے کمرشل اور سروس سیکٹر میں سٹارٹ اپس کا آغاز کیا (فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن میں چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے شعبے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے جس کی وجہ مالی معاونت اور سپورٹ پروگرامز کے ساتھ ساتھ خود کاروبار کرنے کا بڑھتا ہوا رجحان ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس سے نوجوانوں میں اپنے کاروبار کی لگن بڑھ رہی ہے جنہیں ایک ایسا ماحول میسر ہے جو انفرادی اقدامات اور کاروبار کو سپورٹ کرتا ہے۔
حالیہ برسوں میں جازان کے نوجوانوں نے کمرشل اور سروس سیکٹر میں سٹارٹ اپس کا آغاز کیا جو معاشی استحکام اور بڑھتے ہوئے کاروباری جذبے کی علامت ہیں۔
انہیں ٹریننگ اور فنانشل ایکوسسٹم کا تعاون حاصل ہے جس کی وجہ سے خیالات کو آپریشنل بزنس میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
جازان چیمبر آف کامرس کے ڈیٹا کے مطابق 2025 میں اس کے انٹرپرینیورشپ پروگراموں نے 18 منصوبوں پر عمل درآمد میں مدد کی جبکہ 39 کنسلٹیشنز فراہم کی گئیں اور 21 فزیبلٹی سٹڈیز کی گئیں۔
اسی طرح ان کوششوں سے چار ٹریننگ پروگرام اور انٹرپرینیورشپ کے لیے چھ ورک شاپس کا انعقاد کیا گیا جبکہ فنانشل مینیجمنٹ اور آپریشنز پر بھی کام کیا گیا۔
اس کے علاوہ سوشل ڈیویلپمنٹ بینک کے تعاون سے گزشتہ سال نئے کاروبار شروع کرنے کے لیے دی جانے والی امداد 54 لاکھ سعودی ریال سے تجاوز کر گئی۔
