Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلہٹ ٹیسٹ: بنگلہ دیش پہلی اننگز میں 278 رنز پر آؤٹ، پاکستان کے بغیر کسی نقصان کے 21 رنز

پاکستان نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ خرم شہزاد کو فائنل الیون کا حصہ بنایا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنائے ہیں۔
سنیچر کو سلہٹ میں کھیلے جاری میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستان کی پہلی اننگز

پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنائے۔ اوپنرز اذان اویس اور عبداللہ فضل نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔
اذان اویس 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ عبداللہ فضل آٹھ رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کو اب بھی بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 257 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی تمام وکٹیں باقی ہیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد، شرف الاسلام، ناہید رانا اور مہدی حسن میراز نے بولنگ کی، تاہم ابتدائی 6 اوورز میں کوئی کامیابی حاصل نہ کرسکے۔

بنگلہ دیش کی پہلی اننگز

بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 77 اوورز میں 278 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جب محض صفر کے مجموعے پر محمود الحسن جوئے محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد تنزید حسن نے 26 اور مومن الحق نے 22 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، تاہم پاکستانی بولرز وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرتے رہے۔
کپتان نجم الحسین شانتو 29 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے جبکہ مشفیق الرحیم بھی صرف 23 رنز ہی بنا سکے۔
ایک وقت پر بنگلہ دیش کی ٹیم 116 رنز پر چھ وکٹیں گنوا چکی تھی اور ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پوری ٹیم جلد پویلین لوٹ جائے گی، لیکن اس موقع پر لٹن داس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

لٹن داس نے 126 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

وکٹ کیپر بیٹر نے 159 گیندوں پر 126 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس میں 16 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ انہوں نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کر کے ٹیم کا مجموعہ 278 تک پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور خرم شہزاد نے عمدہ بولنگ کی۔ خرم شہزاد نے چار جبکہ محمد عباس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
پاکستانی ٹیم میں سٹار بلے باز بابر اعظم کی واپسی ہوئی ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اپنے وائٹ بال اوپنر تنزید حسن تمیم کا ڈیبیو کرایا ہے۔
اس سے قبل میرپور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 104 رنز کی شکست کے بعد پاکستان کو سیریز میں 0-1 کے خسارے کا سامنا ہے۔
دوسرے میچ کے لیے پاکستان نے اوپنر امام الحق کو ڈراپ کر کے بابر اعظم کو ٹیم میں شامل کیا ہے جو گھٹنے کی انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔
پاکستان نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ خرم شہزاد کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے جبکہ آف سپنر ساجد خان نے نعمان علی کی جگہ لی ہے۔
بنگلہ دیش نے اوپنر شادمان اسلام کے سینے کی تکلیف (جو انہیں میرپور ٹیسٹ کے دوران لاحق ہوئی تھی) کے باعث باہر ہونے پر تنزید حسن کو ٹیسٹ کیپ دی ہے۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے چار وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)

شرف الاسلام بھی نومبر 2024 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آئے ہیں، انہیں عبادت حسین کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ محمود الحسن جوئے، جن کی فٹنس پر میچ سے قبل شکوک و شبہات تھے، اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون
بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون میں محمود الحسن جوئے، تنزید حسن، نجم الحسین شانتو (کپتان)، مومن الحق، مشفیق الرحیم، لٹن داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن معراج، تیج الاسلام، تسکین احمد، ناہید رانا اور شرف الاسلام شامل ہیں۔
پاکستانی پلیئنگ الیون
پاکستان کی پلیئنگ الیون اذان اویس، عبداللہ فضل، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، خرم شہزاد، ساجد خان، حسن علی اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔

 

شیئر: