Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویبھَو سوریہ ونشی کا نیا ریکارڈ، اے کلاس کرکٹ میں تیز ترین سنچری اور ڈبل سینچری

انڈیا کے 15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھَو سوریہ ونشی نے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین سینچری اور ڈبل سینچری بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے مطابق ویبھَو سوریہ ونشی نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے گروپ میچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف انڈیا اے کی نمائندگی کرتے ہوئے صرف 53 گیندوں پر 204 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔
نوجوان بلے باز نے اپنی سینچری صرف 28 گیندوں پر مکمل کی اور جیک فریزر میک گرک کا ریکارڈ ایک گیند کے فرق سے توڑ دیا۔
انہوں نے اگلی سینچری محض 24 گیندوں پر مکمل کرتے ہوئے 52 گیندوں پر ڈبل سینچری بنا ڈالی۔
اس سے قبل لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سینچری کا ریکارڈ چاڈ بووز کے پاس تھا جنہوں نے 103 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
ویبھَو سوریہ ونشی کی یہ 16 لسٹ اے اننگز میں دوسری سینچری تھی۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد وہ اس فارمیٹ میں بیک وقت چار ریکارڈز کے مالک بن گئے ہیں۔
انہوں نے رواں سال سری لنکا اے کے خلاف صرف 11 گیندوں پر نصف سینچری بنا کر لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ قائم کیا تھا، جبکہ متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں 28 گیندوں پر سینچری اور 40 گیندوں پر 150 رنز مکمل کرکے تیز ترین سینچری اور 150 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
اس سے قبل 150 رنز کا تیز ترین ریکارڈ بھی انہی کے پاس تھا جو انہوں نے گزشتہ سال بہار کی جانب سے اروناچل پردیش کے خلاف 59 گیندوں پر بنایا تھا۔
ویبھَو سوریہ ونشی نے اپنی اننگز کے دوران 28 چھکے بھی لگائے، جو لسٹ اے کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ڈی آرسی شارٹ کے پاس تھا جنہوں نے سنہ 2018 میں کوئنز لینڈ کے خلاف 23 چھکے لگائے تھے۔
بھارت اے کو میچ جیتنے کے لیے 250 رنز کا ہدف ملا تھا، جس میں سے 204 رنز ویبھَو سوریہ ونشی نے اکیلے بنائے۔ بھارت اے نے مطلوبہ ہدف صرف 14.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔

شیئر: